”پاکستان اسٹیل ملک کا سب سے بڑا اور واحد فولاد ساز ادارہ ہے ۔ جس کی سالانہ پیداواری استعداد 11 لاکھ ٹن ہے۔ جنرل(ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان

جمعرات 26 فروری 2015 20:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) ”پاکستان اسٹیل ملک کا سب سے بڑا اور واحد فولاد ساز ادارہ ہے ۔ جس کی سالانہ پیداواری استعداد 11 لاکھ ٹن ہے۔ پاکستان اسٹیل کی موجودہ انتظامیہ اسٹیل سیکٹر کی ترقی کے لئے اس قومی اثاثے کی بحالی کے لئے ہمہ جہت کاوشیں کررہی ہے تاکہ ملک کی معاشی خوشحالی اور ترقی میں اس قومی ادارے کو اپنے بھرپور کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جاسکے۔

پاکستان اسٹیل اہداف کے حصول کی شاہراہ پر گامزن ہے ، بزنس پلان کے مطابق پاکستان اسٹیل پیداواری اہداف کو حاصل کرنے کے لئے بتدریج مرحلہ وار آگے کی جانب بڑھ رہا ہے“۔ اِن خیالا ت کا اظہار پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل(ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان (ملٹری) نے آج 26 فروری2015 ء کو میٹالرجیکل ٹریننگ سینٹر(ایم ٹی سی -آڈیٹوریم) ، بن قاسم کراچی میں ایک کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اسٹیل کی موجودہ انتظامیہ اپنے مقاصد کے حصول کے لئے سمجھتی ہے کہ میٹریل / پروڈکٹ سپلائرز ہماری سپلائی چین کا اہم جزو ہیں جو پاکستان اسٹیل کی انتظامی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ اپنے تمام سپلائرز خصوصاً جو طویل عرصے سے اس قومی صنعتی ادارے سے وابستہ ہیں پاکستان اسٹیل کی موجودہ انتظامیہ کو نہ صرف مکمل ادراک ہے بلکہ احساس بھی ہے کہ سپلائرز ہماری انتظامی کامیابیوں کے حصول میں اچھی ٹیم کا کردار ادا کرنے کی کاوشیں کررہے ہیں۔

شرکاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل ظہیر احمد خان نے کہاکہ انتظامیہ پاکستان اسٹیل مشہور و معروف سپلائرز (ملکی و غیر ملکی) کے بہتر تعلقات کے لئے حوصلہ افزائی پر یقین رکھتی ہے کہ وہ (F.O.R & C&F ) کی بنیاد پر صحت مندانہ Bidding کی مسابقت میں شرکت کرتے ہیں تاکہ ارزاں نرخ پر معیاری سپلائز/ میٹریلPPRA Rules اور Procedure کے تحت حاصل کرسکیں۔

سی ای او پاکستان اسٹیل نے مزید کہاکہ موجودہ انتظامیہ پاکستان اسٹیل PPRA Rules پر شفاف طریقے سے عمل درآمد کررہی ہے ، قومی اخبارات کے علاوہ پاکستان اسٹیل اور پیپرا(PPRA ) کی آفیشلز ویب سائٹس پر ٹینڈرز کی تشہیر کی جاتی ہے، تشکیل کردہ کمیٹیوں کے ذریعے شرکت کرنے والے پیشکش دہندگان کی موجودگی میں ٹینڈرز کھولے جاتے ہیں ، تجربہ کار انجینئروں پر مشتمل کمیٹیوں کے ذریعے ٹیکنیکل ایویلویشن، ٹینڈرز کی بڈز ایویلویشن رپورٹس کی پاکستان اسٹیل کی ویب سائٹ پر اشاعت کا اہتمام کیا جاتا ہے اور کم ترین نرخ پیش کرنے والے کامیاب پیشکش دہندگان کو شفاف انداز میں پرچیز آرڈر کا اجراء کیا جاتا ہے جو خوش آئند ہے اور تسلی بخش ہے۔

پاکستان اسٹیل میں رجسٹرڈ / قابل اعتماد / قابلِ بھروسہ سپلائرز اور اُن کے نمائندوں کی کثیر تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی ۔ اس موقع پر سپلائرز کے نمائندوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ادارے کے سینئر افسران رجسٹرڈ سپلائرز کی مشکلات اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ انہوں نے اِس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بڈنگ میں شریک ہونے والے سپلائرز کے مسائل اور مشکلات پر انتظامیہ پاکستان اسٹیل نہ صرف قابو پانے میں کامیاب ہوگی بلکہ میٹریل سپلائی کیئے جانے کے بعد طریقہ ء کار کے مطابق بروقت ادائیگیوں کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر انتظامیہ پاکستان اسٹیل نے یقین دہانی کرائی کہ اُن کے مسائل اور مشکلات کو شفاف طریقے کے مطابق جلد حل کیا جائے گا ۔ سپلائرز کے نمائندوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ہمارے ملک کا نہ صرف قومی اثاثہ ہے بلکہ ایک عظیم ادارہ ہے۔سپلائرز نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کے موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل(ر) ظہیر احمد خان کی پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ترقی کے لئے مخلصانہ کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ پاکستان اسٹیل کے ساتھ ملک کے واحد فولاد ساز ادارے کی ترقی کے لئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔