Live Updates

عمران خان نے نوجوانوں کو نیا سیاسی شعور دیا،پی ٹی آئی کا سیاسی مستقبل تابناک ہوگا‘ عبدالعلیم خان،

حکومت مسائل میں اضافے کا باعث بن رہی ہے‘ صدر تحریک انصاف ضلع لاہورکا عمران ٹائیگر فورس کی تقریب سے خطاب

پیر 2 مارچ 2015 21:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2مارچ۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گذشتہ پونے دو برس حکومت کی ناکامی اور نااہلی کو عیاں کرنے کے لیے کافی ہیں حکومت مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافے کا باعث بن رہی ہے اور لوڈشیڈنگ سمیت قومی ایشوز کو آئندہ پانچ برسوں میں بھی حل نہیں کیا جاسکے گا،عمران خان نے پاکستانی نوجوانوں کو جو نیا سیاسی شعور دیا ہے اس سے قومی بیداری کی نئی لہر پید اہوئی ہے اور انشاء اللہ ہمارا سیا سی مستقبل تابناک ہوگا ، نوجوان قومی تقاضوں کے مطابق ملک گیر تبدیلی لائیں گے ۔

عمران ٹائیگر فورس کے عہدیداروں میں تقرر نامے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ نااہل اور کرپٹ حکمران نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی بجائے انہیں قرضوں کے بوجھ تلے دبا رہے ہیں اصل مسئلہ یکساں تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران ٹائیگر فورس لاہور شہر کو تحریک انصاف کا قلعہ بنائے گی جو آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کی ضمانت ہوگی۔

عبدالعلیم خان نے آئی ٹی ایف کے عہدیداروں کو مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ عمران ٹائیگر فورس کے صدر سید راشد ریاض نے کہا کہ عبدالعلیم خان نے آئی ٹی ایف کی تشکیل کرکے خوش آئند اقدام اٹھایا ہے جس کی دوسرے شہروں میں بھی تقلید کی جائے گی۔اس موقع پر آئی ٹی ایف کے جنرل سیکرٹری میاں طارق، فیصل جٹ اور فہد ڈوگر نے بھی خطاب کیا جبکہ عمران ٹائیگر فورس کے عہدیداروں میں تقرر نامے بھی تقسیم کیے گئے۔

قبل ازیں پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان کی آمد پر عمران ٹائیگر فورس کے نوجوانوں نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور دھول کی دھاپ پر بھنگڑا ڈالاا ور گل پاشی کی ۔اس موقع پر شعیب صدیقی،ظہیر عباس کھوکھر ،سردار کامل عمر، میاں جاوید علی، مہر واجد عظیم، جمشید بٹ، فرخ جاوید مون اور دیگر نے شرکت کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات