پاک بھارت خارجہ سیکرٹری ملاقات خوش آئندہے، بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے، محمد طاہر کھوکھر

بدھ 4 مارچ 2015 16:07

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہر کھوکھر نے پاک بھارت خارجہ سیکرٹریز ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں میں مذاکرات اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتے جب تک کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کا خاتمہ کرتے ہوئے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور معصوم کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ بندنہ کرے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جو انتخابات کرائے وہ جمہوری و انتخابی طرز عمل کے منہ پر طمانچے کے مترادف ہیں اور اس انتخابی ڈھونگ کو بھارت اپنی بہت بڑی کامیابی سے تعبیر کرتا ہے جو اس کی خام خیالی ہے۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر کھوکھر نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے ایسے حل کے خواہشمند ہیں جو کشمیریوں کی مرضی کے مطابق ہو۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی کامیابی کا دارومدار اس بات پر ہے کہ بھارت فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے کالے قوانین کو ختم کرے تا کہ نہتے کشمیری عوام آزادانہ اپنی زندگیوں کا فیصلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر جبکہ مذاکرات کا دور ہے تو یہ ضروری ہو گیا ہے کہ بھارت کشمیر میں تشدد کا سلسلہ بند کردے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بھی اب فیصلہ لے لینا چاہیے اور دونوں ملکوں کے ساتھ سرجوڑ کر بیٹھ کر مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا ایشیاء میں امن قائم نہیں ہو سکتا اس لیے ایشیاء پرامن رہنے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے کیونکہ پاکستان اور بھارت میں بنیادی مسئلہ ہی کشمیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مذاکرات کی میز پر آیا ہے جو کہ خوش آئند ہے اور امید کی جا سکتی ہے کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی توڑتے ہوئے مثبت سوچ سے ان مذاکرات کو جاری رکھے گا۔

آئے روز نہتے عوام پر مظالم اور حریت رہنماؤں کو پابند سلاسل کرنے سے بھارت کے چہرے سے پردہ ہٹ چکا ہے اور اس کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے کشمیری عوام غلامی کی زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ ان کو اپنے بنیادی حقوق میسر نہیں ہیں۔بھارت نے لاکھوں فوجیوں کو کشمیری عوام کے اوپر مسلط کیا ہوا ہے۔ کشمیری عوام اپنے گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے ہیں۔

محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ سیاسی و حریت رہنماؤں و شہریوں کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔ کالے قوانین کا خاتمہ کیا جائے۔ اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے بھارتی مظالم رکوانے کے لیے کردار ادا کریں ورنہ عالمی امن خطرہ میں پڑ سکتا ہے۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کا نفاذ کیا گیا ہے جو انسانی حقوق کے علمبرداروں کے لیے شرمناک ہے۔ نہتے کشمیری عوام پر مظالم کیے جا رہے ہیں۔ بے گناہ نوجوانوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ بھارت طاقت کے زور پر کشمیری عوام کو زیادہ دیر تک غلام نہیں رکھ سکتا۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے۔ ان کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔

متعلقہ عنوان :