29مارچ کو پیپلز پارٹی کے نظریاتی جیالے مجاور وزیراعظم کی جماعت دشمن پالیسیوں ،خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کیخلاف یوم احتجاج منائینگے،ہمایوں زمان مرزا

بدھ 4 مارچ 2015 16:07

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر و نظریاتی رہنما ہمایوں زمان مرزا نے کہا ہے کہ 29مارچ کے دن پیپلز پارٹی کے نظریاتی جیالے و لیڈر مجاور وزیراعظم کی جماعت دشمن پالیسیوں اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کے خلاف یوم احتجاج منائیں گے ۔مجاور وزیراعظم اپنے مفادات کے لیے آزادکشمیر کے عوام کے حقوق کے قاتل بن رہے ہیں ۔

پیپلز پارٹی کے جیالے ایسی حرکات کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے پیپلز پارٹی کے نظریات کا قتل عام کرنے والے مجاور وزیراعظم شہید قائدین کی روحوں کو ٹھیس پہنچا رہے ہیں کرائے کا امیدوار الیکشن میں کھڑا کر کے پیپلز پارٹی سے کئی سالوں سے وابستہ رہنماؤں کے حقوق کو مجروح کیا ہے ۔پیپلز پارٹی شہید بابا اور شہید بی بی کی میراث ہے یہ کسی مجاور کی جماعت نہیں جو اپنی مرضی سے جو چاہے کرتا پھرے اس میں تمام شہیدوں کا خون شامل ہے جنھوں نے اس جماعت کی مضبوطی اور استحکام کے لیے اپنا مربوط کردار ادا کیا ۔

(جاری ہے)

آج مجاور وزیراعظم کی وجہ سے پیپلز پارٹی کے کارکنان اضطرابی کیفیت میں مبتلا ہیں ان خیالات کا اظہار ہمایوں زمان مرزا نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ہمایوں زمان مرزا نے کہا کہ 29مارچ کی صبح انتخاب کا دن نہیں ہوگا بلکہ یہ دن مجاور وزیراعظم کی ہٹ دھرم پالیسیوں اور پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے قتل کا دن ہو گا۔ انشاء اللہ اس دن پیپلز پارٹی کے کارکنان پارٹی کے پرچم تلے متحد ہو کر یوم سیاہ اور یوم احتجاج منائیں گے ۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم گزشتہ ساڑھے تین سالوں سے پارٹی میں اپنی اجارہ داری قائم کیے ہوئے ہیں اور مفادات کی اس جنگ میں جتنا استحصال مجاور نے کیا ہے اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی ۔ انھوں نے کہا کہ چوہدری عبدالمجید خود کو گڑھی خدا بخش کا مجاور کہتے ہیں لیکن حقیقت میں وہ کسی بھی ڈکٹیٹر سے کم نہیں ہیں ان کی پالیسیاں مارشل لاء کے دور میں جس طرح ڈکٹیٹروں کی تھیں ٹھیک ایسی ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان بھٹو شہید کے نظریات کا قتل عام کسی بھی صورت برداشت نہیں کریں گے یہ پارٹی شہیدوں کے بعد پارٹی کے جانثار کارکنوں کی ہے اس میں غازیوں نے اپنا خون پسینہ ایک کر کے اس کی بنیادیں مضبوط کی ہیں لیکن آج ڈکٹیٹر وزیراعظم پارٹی کی بنیادوں کو تنہا چھوڑ کر خود عیاشیوں میں مصروف ہیں۔