ڈاکٹر افتخار احمد خان کی کتاب " اصول تحقیق" کی تقریب رونمائی

بدھ 4 مارچ 2015 17:47

فیصل آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04مارچ۔2015ء ) تحقیق و تنقید کسی بھی یونیورسٹی کے مقام و مرتبہ کا تعین کرتی ہے اور ڈاکٹر افتخار احمد خان نے " اصول تحقیق" کی صورت میں تحقیقی روایت کو مزید آگے بڑھایا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار شعبہ علوم اسلامیہ و عربی اور شمع بکس ، فیصل آباد کے اشتراک سے ڈاکٹر افتخار احمد خان کی کتاب " اصول تحقیق" کی تقریب رونمائی کی صدارت کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ اورینٹل لرننگ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد، پروفیسر ڈاکٹر محمد ہمایوں عباس شمس نے کیا۔

انہوں نے صاحب کتاب کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے فیکلٹی آف اسلامک اینڈ اورینٹل لرننگ جی سی یونی ورسٹی، فیصل آباد کی علمی و ادبی خدمات کو سراہا اور مزید کامیابیوں کے عزم کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقعہ پر مہمان خصوصی کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر آغا محمد سلیم اختر نے سر انجام دیئے ۔ اس تقریب میں ڈاکٹر محمد آصف اعوان، ڈاکٹر شبیر احمد قادری، ڈاکٹر عمر حیات، ڈاکٹر طارق ہاشمی، ڈاکٹر خواجہ حامد رضا، ڈاکٹر طلعت صفدر، ڈاکٹر عمرانہ شہزادی، ڈاکٹر غلام اکبر، ڈاکٹر سعید احمد، ڈاکٹر محمد افضل حمید، محمد اکمل حمید اور طارق لطیف نے کتاب اور صاحب کتاب کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

اس تقریب کی نظامت ڈاکٹر اصغر علی بلوچ نے کی ، مہمان خصوصی ڈاکٹر آغامحمد سلیم اختر نے دوران خطاب کہا کہ ڈاکٹر افتخار احمد خان جیسے محقق و استاد ان کی اولاد ِ معنوی ہیں جنہوں نے علم و ادب کی شمع روشن کی ہے ۔ اس تقریب میں اہل علم و ادب کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔