پاک بھارت مذاکراتی عمل کی بحالی خوش آئند ہے،مولانا عباس انصاری

جمعہ 6 مارچ 2015 16:46

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06مارچ۔2015ء) جموں وکشمیر اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ مولانا محمد عباس انصاری نے طویل جمود کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی کو خوش آئند قرار دیاہے۔ عباس انصاری نے پٹن کے علاقے دیورمیں ایک تقرب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیرکاحل نہ صرف بھارت اور پاکستان کے کروڑوں عوام کے محفوظ مستقبل کیلئے ناگزیر ہے بلکہ اس دیرینہ مسئلہ کوحل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کا خواب بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے پاس مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے بامعنی مذاکراتی عمل کوشروع کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں اور تعطل کا شکارمذاکرات کی بحالی یقینا ایک اہم پیشرفت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس بارہا اپنے اس موقف کا اعادہ کرچکی ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان کسی بھی مذاکراتی عمل میں کشمیری حریت پسند قیادت کی شرکت مذاکرات کی کامیابی کیلئے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کشمیری عوام کو اعتماد میں لیکر اس دیرینہ تنازعہ کے حل کیلئے جامع مذاکراتی عمل کا آغاز کریں تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :