ملک کی 70فیصد سے زائد آبادی کا انحصار زراعت پر ہے، جب تک کسانوں کے مسائل حل نہیں ہوتے ملک ترقی و خوشحالی کی منز ل کو حاصل نہیں کرسکتا ،کسان بورڈ

اتوار 8 مارچ 2015 17:10

فیصل آباد(پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء)ملک کی 70فیصد سے زائد آبادی کا انحصار زراعت پر ہے، جب تک کسانوں کے مسائل حل نہیں ہوتے ملک ترقی و خوشحالی کی منز ل کو حاصل نہیں کرسکتا ،پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے اور زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے حکومت صنعت کے ساتھ ساتھ زراعت کو بھی اہمیت دے اور کاشتکاروں کو وہ تمام سہولیات مہیا کی جائیں جس سے فی ایکٹر پیداواربڑھائی جاسکے ،جاگیر داری نظام زرعی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ،بھارت پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کررہا ہے اور پاکستان کو بنجر بنانے کیلئے ہمارے دریاؤں پر بند باندھ کر پانی چوری کررہا ہے مگر بھارت کی آبی دہشت گردی کے خلاف حکمرانوں نے چپ سادھ رکھی ہے ،کاشتکار پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ،زرخیز اور سونا اگلنے والی زمینیں بنجر ہورہی ہیں،کسانوں کو بیج ،کھاد اور زرعی ادویات کی قیمتوں پر سبسڈی دی جائے اورحکومت کسانوں کی تمام پیداوارخریدے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارکسان بورڈکے ضلعی صدرمیاں ریحان الحق ایڈووکیٹ نے ضلعی سیکرٹریٹ میں کسانوں کے وفدسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی لاپرواہی اور عدم توجہی سے جنوبی پنجاب میں مایوسی بڑھ رہی ہے ،حکومت جنوبی پنجاب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ۔جنوبی پنجاب کپاس کی کاشت کے حوالے سے دنیا بھر میں اپنی ایک خاص پہچان رکھتا ہے مگر وہاں کے کسانوں کو کپاس کا مناسب معاوضہ نہیں ملتا اور کاشتکاروں سے پھٹی اونے پونے خرید کر ان کا استحصال کیا جاتا ہے ۔

لاکھوں ایکٹراراضی جو حکومتی نااہلی کی وجہ سے بنجر بن گئی ہے اور ناقابل کاشت ہو چکی ہے اسے کسانوں اور ہاریوں کے حوالے کرے تاکہ اسے قابل کاشت بنا یا جاسکے ،انہوں نے کہا کہ کسانوں کو زرعی آلات ،مشینری ،زرعی ادویات ،کھادوں اور بیج کی خریداری کیلئے آسان اور بلاسودقرضے دیئے جائیں ،نہری پانی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے بڑے آبی ذخیروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے ڈیم بنا کر قابل کاشت رقبہ میں اضافہ کیا جائے گا۔

پنجاب میں کسان اور مزدور سخت مشکلات کا شکار ہیں ۔اس ملک کے اشرافیہ اور جاگیردار جو زراعت اور سیاست پر مسلط ہیں ، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آلو اور مکئی کے ساتھ گندم کا بحران نظر آرہا ہے ۔حکومت فوری طور پر گندم پر کسانوں کو سبسڈی دے اور ہمسایہ ملک ہندوستان کی طرح کسان کو ڈیزل ،بجلی اور کھاد سستے داموں مہیا کیا جائے تاکہ پنجاب کے کسان دیوالیہ ہونے سے بچ سکیں ۔