مریخ پر اربوں سال پہلے بڑے سمندر کے وجود کے شواہدملے ہیں،ناسا کا دعویٰ

اتوار 8 مارچ 2015 17:46

نیویارک(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8مارچ۔2015ء )امریکی خلائی ادارے ناسا کے سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سرخ سیارے مریخ پر اربوں سال پہلے بڑے سمندر کے وجود کے شواہد ملے ہیں۔عالمی میڈیا کے مطابق ناسا کے سائنس دانوں نے دریافت کیا ہے کہ 45 لاکھ سال پہلے مریخ پر سمندر کا وجود تھا، یہ سمندر سیارے کے 20 فیصد حصے پر پھیلا ہوا تھا جب کہ سیارے پر کبھی مختلف موسم بھی ہوا کرتے تھے۔

(جاری ہے)

سائنس دانوں کے مطابق یہ سمندر بحیرہ قطب شمالی جتنا بڑا اور اس کی گہرائی تقریباً ایک میل یا بحر روم جتنی تھی۔سائنسدانوں نے یہ نتائج ، مختلف ٹیلی اسکوپ سے لی گئی تصاویر کو دیکھ کر اخذ کیے ہیں۔ تحقیق کے مطابق مریخ کی زمین پر پانی اور تیل کے محلول جیسے نشان پائے گئے ہیں۔ تحقیق میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ خشک سمجھا جانے والا سیارہ کبھی مختلف موسم بھی رکھتا تھا لیکن سائنسدان اب تک یہ نہیں سمجھ پائے ہیں کہ مریخ کی زمین سے پانی کیسے غائب ہوا؟۔