پاک بھارت سرحدی امورپر مذاکرات رواں ماہ کے آخرمیں نئی دہلی میں ہونگے ،پاکستان رینجرز کا اعلی سطحی وفد 25 مارچ کو نئی دہلی پہنچے گا،مذاکرات میں سرحدی حدود کی خلاف ورزیوں سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا

اتوار 8 مارچ 2015 23:09

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 مارچ۔2015ء) پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول اور بین الاقومی سرحد پر کشیدگی میں کمی کے بعد دونوں ممالک کے سرحدی حکام کے درمیان مذاکرات رواں ماہ کے آخر میں ہونگے ،پاکستان رینجرز کا اعلی سطحی وفد 25 مارچ کو نئی دہلی پہنچے گا،مذاکرات میں سرحدی حدود کی خلاف ورزیوں سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان اور بھارت کے سرحدی حکام کے درمیان بات چیت ایک سال کے التواء کے بعد ہورہی ہے اس سلسلے میں پاکستان رینجرز کا اعلی سطحی وفد رواں ماہ کے آخر میں بھارت کا دورہ کرے گا جہاں بی ایس ایف حکام کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں گے ۔پاکستانی وفدکی قیادت رینجرز کے دو ڈائریکٹرز جنرل کریں گے جو 25 مارچ کو واہگہ اٹاری بارڈر کے ذریعے بھارت میں داخل ہونگے ۔

(جاری ہے)

پاکستان رینجرز کے میجر جنرل بلال اکبر(ڈی جی رینجر ز سندھ) اور میجر جنرل خان طاہر جاویدخان(ڈی جی رینجرز پنجاب) مذاکرات میں شرکت کریں گے ۔پانچ روزہ مذاکرات بی ایس ایف کے ہیڈکوارٹر میں کیے جائیں گے۔بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف حکام نے ڈی جی سطح کی بات چیت کیلئے گزشتہ سال پاکستان کو دعوت دی تھی لیکن دوسری جانب سے اسکی تصدیق نہیں کی گئی تھی ۔دونوں ممالک کے سرحدی حکام کے درمیان جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سمیت دیگر امور پر بات چیت کی جائے گی۔آخری مرتبہ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان مذاکرات دسمبر 2013میں لاہور میں ہوئے تھے ۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول اور انٹرنیشنل بارڈر پر سرحدی خلاف ورزیوں کے باعث حالات کشیدہ ہوگئے تھے ۔