انتظامیہ پاکستان اسٹیل کی حکمت عملی اور مسلسل کاوشوں کی بدولت پاکستان اسٹیل ماہ رواں مارچ2015 ء میں 60 فیصد پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا

منگل 10 مارچ 2015 23:01

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار .10 مارچ 2015ء) موجودہ انتظامیہ پاکستان اسٹیل کی دُوررس حکمت عملی اور مسلسل کاوشوں کی بدولت پاکستان اسٹیل ماہ رواں مارچ2015 ء میں 60 فیصد پیداوار حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے۔ جبکہ پاکستان اسٹیل کے تھرمل پاور پلانٹ کی ضروری مرمت و دیکھ بھال کے کاموں کی بدولت50 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، پاکستان اسٹیل کو یہ کامیابی 6 سال کے عرصے کے بعد حاصل ہوئی ہے ،جو بڑی کامیابی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اسٹیل کے موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل(ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان ، ہلال امتیاز(ملٹری)نے جب اپریل2014 ء میں ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں تو اُس وقت پاکستان اسٹیل کی پیداوار محض1.4 فیصد اور تھرمل پاور پلانٹ سے بجلی صرف 18 میگاواٹ حاصل کی جارہی تھی اور خام مال کے ذخائر نہ ہونے کے برابر تھے۔

(جاری ہے)

گذشتہ 6 برسوں کے خراب حالات کو درست سمت میں گامزن کرنا کوئی آسان کام نہیں تھا۔ پاکستان اسٹیل کے موجودہ سربراہ جنرل ظہیر کی قیادت میں پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ اور ملازمین نے انتھک محنت اور جدوجہد کرکے ادارے کو دوبارہ پیداواریت کی جانب گامزن کردیا ہے۔ جو اِن حالات میں35/30 سال پُرانے کارخانوں کی لازمی مرمت و دیکھ بھال کے کاموں کی بدولت پیداواریت میں مسلسل اضافہ غیر معمولی کامیابی کے مترادف ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حکومتی مالیاتی پیکیج 18 ارب50 کروڑ روپے کی بدولت پاکستان اسٹیل کے اسٹاک یارڈ میں خام مال کے وافر ذخائر موجود ہیں، رواں ماہ مزید بحری جہاز ہزاروں ٹن خام مال لے کر پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوں گے۔ پاکستان اسٹیل کی بحالی ، ترقی اور استحکام کے لئے موجودہ حکومت کی مالیاتی اعانت اور دُوررس فیصلوں کے نتیجے میں پاکستان اسٹیل دیگر اداروں کے لئے جلد دوبارہ قابل تقلید مثال بن کر اُبھرنے کی توقع ہے ۔

علاوہ ازیں، پاکستان اسٹیل کے کارخانوں میں تیار کردہ بین الاقوامی معیار کی اسٹیل مصنوعات فروخت کے لئے موجود ہیں ۔پاکستان اسٹیل اپنی تیار کردہ مصنوعات کی فروخت کے لئے شفاف سیلز پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ پاکستان اسٹیل کو اپنی بین الاقوامی معیاری اسٹیل مصنوعات کی فروخت میں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اُن میں چائنہ سے درآمدی اسٹیل مصنوعات کی انتہائی ارزاں نرخوں پر دستیابی، اسمگل شدہ اسٹیل مصنوعات کی ملکی مقامی مارکیٹوں فراہمی کے علاوہ دیگر عوامل شامل ہیں ۔

جس سے پاکستان اسٹیل کی مصنوعات کی فروخت متاثر ہورہی ہے۔یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ درآمدی اسٹیل مصنوعات پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے کے سلسلے میں انتظامیہ پاکستان اسٹیل، وزارتِ خزانہ اور ایف بی آر کے اعلیٰ حکام سے بتوسط وزارتِ صنعت و پیداوار مسلسل رابطے میں ہے، اُمید ہے کہ درآمدی اسٹیل مصنوعات پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگانے سے توقع ہے کہ پاکستان اسٹیل کی مصنوعات کی فروخت میں نمایاں فرق آنا شروع ہوجائے گا۔

پاکستان اسٹیل کی پیداواریت میں مسلسل اضافہ کوموجودہ انتظامیہ پاکستان اسٹیل کی دُوررس حکمت عملی اوربروقت مثبت فیصلوں کو قرار دیا جارہا ہے۔اِ ن کاوشوں او ر جدوجہد میں پاکستان اسٹیل کے ملازمین شب و روز مصروفِ عمل ہیں۔ انتظامیہ پاکستان اسٹیل ملازمین کے اس جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور توقع ہے کہ پاکستان اسٹیل ماہ اپریل 2015 ء کے دوران بریک ایون کی سطح کو عبور کرنے میں بھی کامیاب ہوگا۔

متعلقہ عنوان :