Live Updates

میرپور،سونامی کی لہریں سیکٹر Fمیں داخل ہوگئیں، نیو سٹی سے مسلم لیگ ن کے راجہ محمد رزاق، راجہ محمد جمیل پی ٹی آئی میں شال ہوگئے

بدھ 11 مارچ 2015 17:46

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی طوفانی باؤلنگ کا سلسلہ جاری، مخالفین کی وکٹیں ایک کے بعد دوسری گرنے لگیں،سونامی کی لہریں نیو سٹی کے سیکٹر Fمیں داخل ہوگئیں، نیو سٹی سے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما راجہ محمد رزاق، راجہ محمد جمیل مسلم لیگ ن کو خیر آباد کہہ کر پی ٹی آئی میں شال ہوگئے۔

اسی طرح سیکٹر E/2میں راجہ اظہر محمود، راجہ امجد حسین بھی اپنے کنبے قبیلے سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے۔ سیکٹر E/2تھوتھال، نیو سٹی سیکٹر F، میں جلسہ نما انتخابی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی آزادکشمیر کے صدر و سابق وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ چند ڈکیت اور ٹھک سبز جھنڈیوں والی گاڑیوں میں سوار ہو کرمیرپور کو فتح کرنے کیلئے شہر میں خیمہ زن ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسری طرف عمران خان کے کھلاڑی میری قیادت میں صف آراء ہو رہے ہیں۔ہمارے مخالفین کو اپنے وسائل کا گھمنڈ ہے جبکہ ہم اپنے جنون کی طاقت پر بھروسہ کررہے ہیں 29مارچ کو پڑنے والے رن میں انشاء اللہ عمران کے کھلاڑی اپنے جنون کی طاقت سے مخالفین کی صفوں کو چیر کر، پھاڑ کر، روند کر منزل مقصود پر جلوہ افروز ہوں گے۔ میرپور کے لوگ چوروں، ڈکیتوں کے مقابلے میں اپنے اپنے اختلافات بھول کر اکٹھے ہو رہے ہیں۔

جب کسی محلے میں چور ڈاکو گھس آتے ہیں تو محلے کے لوگ اپنے اپنے ذاتی اختلافات بھول کر چوروں، ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے کیلئے اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ اسی طرح میرپور کے لوگ بھی اپنے اپنے اختلافات بھول کر تحریک انصاف کے جھنڈے تلے اکٹھے ہو رہے ہیں۔ میں جس سیکٹر میں بھی انتخابی میٹنگ کیلئے جاتا ہوں میری میٹنگ ایک جلسہ عام کی صورت اختیار کرجاتی ہے۔

یہ میرپور کے اندر تحریک انصاف کی مقبولیت کا کھلا ثبوت ہے۔ ہمارے مخالفین سونامی کے بڑھتے ہوئے طوفان کو دیکھ لیں۔ ہماری انتخابی مہم تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ 25مارچ کو 18کروڑ عوام کے دلوں کی دھڑکن عمران خان جب میرپور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرنے آئیں گے تو ہماری انتخابی مہم نقطہ عروج و نقطہ کمال پر پہنچ جائے گی۔ ہم عوامی سطح پر الیکشن جیت چکے ہیں۔

29مارچ کو رسمی کارروائی کا اعلان ہوگا۔ راجہ محمد رزاق اور راجہ جمیل کا پی ٹی آئی می شال ہونا تحریک انصاف کیلئے نیک شگون ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے حلقہ انتخاب میں سیکٹر E2، تھوتھال، نیو سٹی سیکٹر F، میں انتخابی میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکٹر E/2تھوتھال میں انتخابی میٹنگ کے موقع پر راجہ اظہر محمود، راجہ امجد حسین، راجہ محمد اُسامہ، غفار علی مغل، عاطف مغل، راجہ لیاقت علی، خواجہ ذاکر حسین، چوہدری محمد الیاس راجہ یاسر محمود، راجہ خضر محمود، عامر عتیق خالق، ساجد قریشی، محمد الیاس مغل، محمد پرویز مغل، عامر الیاس مغل، راجہ اکرام نے اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ نیو سٹی سیکٹر Fمیں منعقدہ انتخابی تقریب کے موقع پر راجہ محمد رزاق اور راجہ محمد جمیل نے اپنے کنبے قبیلے سمیت مسلم لیگ ن چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر راجہ محمد جمیل، جبار منہاس ایڈووکیٹ، خواجہ شہزاد لون، شبیر بندرالوی، چوہدری فاروق اور دیگر نے خطاب کیا ۔نیو سٹی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے راجہ جمیل، جبار منہاس، چوہدری فاروق، خواجہ شہزاد لون، بشیر بندرالوی نے کہا کہ نیوسٹی کو فتح کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ نیو سٹی باضمیر اور باشعور لوگوں کا شہر ہے۔ وزیراعظم رات کے اندھیرے میں آکر ہمارے لوگوں کے ضمیر خریدنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ ہم بکنے والے نہیں ہیں۔ جو بکتے ہیں ہم اُن پر لعنت بھیجتے ہیں۔ 29مارچ کو بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نیو سٹی کے تمام پولنگ سٹیشنز سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات