خورشید ملت کے ایچ خورشید مرحوم کی تحریک پاکستان و آزادی کشمیر ، عوام کے حقوق، جمہوریت کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی، جسٹس محمد اعظم خان

بدھ 11 مارچ 2015 17:46

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2015ء) چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ خورشید ملت کے ایچ خورشید مرحوم کی تحریک پاکستان ، تحریک آزادی کشمیر ،عوام کے حقوق اورجمہوریت کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ وہ ایک ایماندار اور دیانتدار شخصیت تھے ۔ عوام کو ووٹ کا حق دلوانے میں ان کا کر دار اہم رہا ہے یہ بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ خورشید حسن خورشید مرحوم کے کر دار پر آج بھی کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا انہوں نے ساری زندگی انصاف کی فراہمی ، میرٹ کی بحالی اور قانون کی حکمرانی کے لئے جدوجہد کی ۔

آج کے دن ہم ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ بار اور بنچ لازم وملزوم ہیں ۔ وکلاء کے تمام مسائل حل کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر سپریم کورٹ جسٹس محمد اعظم خان نے آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سابق صدر آزاد کشمیرخورشید حسن خورشید(مرحوم ) کی برسی کے حوالہ سے منعقدہ دعائیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جسٹس محمدابراہیم ضیاء ،جسٹس راجہ سعید اکرم خان ، ایڈووکیٹ جنرل اور سینئر وکلاء بھی موجود تھے ۔ دعائیہ تقریب کی صدارت سینئر نائب صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزاد خان ترین ایڈووکیٹ نے کی جبکہ دعائیہ تقریب سے سینئر وکیل عبدالرشید عباسی ایڈووکیٹ ، عبدالرشید کرناہی ایڈووکیٹ ، راحت فارو ق ایڈووکیٹ ، کے ۔ ڈی خان ایڈووکیٹ ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سیکرٹری جنرل بلقیس رشید منہاس ایڈووکیٹ ، اقبال رشید منہاس ایڈووکیٹ ، جنید خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل ، سینئر وکلاء سپریم کورٹ کے ملازمین بھی موجود تھے ۔ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس محمد اعظم خان نے کہا کہ خورشید الحسن خورشید مرحوم کے بارے میں قائداعظم نے کہا تھا کہ پاکستان میں نے اور میرے سیکرٹری کے ٹائپ رائٹر نے بنایا ہے یہ بہت بڑا اعزاز تھا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ساری زندگی تحریک آزادی کی جدوجہد کرتے رہے ان کی کشمیر کاز کے ساتھ کمٹمنٹ آخر ی دم تک رہی ۔

انہوں نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ بار کے بانی صدر تھے ۔ انہوں نے قانون کی حکمرانی ، انصاف کی فراہمی کے لئے بھر پور کر دار ادا کیا ۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیرنے کہا کہ نظام کی بہتری کے لئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن جو بھی قابل عمل تجاویز دے گی ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ برسی کے موقع پر تقریب منعقد کر نے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ آخر میں فاروق حسین کاشمیر ی نے خورشید حسن خورشید مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔

متعلقہ عنوان :