Live Updates

حکومت دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنانے میں سنجیدہ نہیں، اعجاز خان جازی،

عوام کو اپنا حق لینے کے لئے دوبارہ سڑکوں پر آنا پڑے گا، دھرنے کی وجہ سے عوام کو ریلیف ملا، اولپنڈی کینٹ وارڈ 10 کی سیاسی و سماجی شخصیت عبدالعزیز کی سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر خطاب

جمعرات 12 مارچ 2015 20:42

راولپنڈی ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی کے ضلعی صدر اعجاز خان جازی نے کہا ہے کہ حکومت دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنانے میں سنجیدہ نہیں۔ عوام کو اپنا حق لینے کے لئے دوبارہ سڑکوں پر آنا پڑے گا۔ دھرنے کی وجہ سے عوام کو ریلیف ملا۔ حکمرانوں نے روایتی بے حسی کو نہ چھوڑا تو گھر جانے کے لئے تیار ہو جائیں۔

انصاف ملنے تک قوم چین سے نہیں بیٹھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی کینٹ وارڈ 10 کی سیاسی و سماجی شخصیت عبدالعزیز کی سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے اظہر میر ، کینٹ کوآرڈی نیٹر راشد محمود ، صدر شعبہ خواتین کینٹ ثناء ملک ، نائب صدر ثمینہ کوثر ، وارڈ نمبر 3 کے سینئر نائب صدر سید ذوالفقار علی شاہ ، نائب صدور سلیم بٹ ، عظیم شاہ اور پی ٹی آئی راول ٹاؤن کے سرور شاہ آفریدی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اعجاز خان جازی نے عبدالعزیز اور ان کے ساتھیوں کی تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف فیملی لمیٹڈ نہیں بلکہ ایک عوامی جماعت ہے۔ موروثی سیاستدانوں نے آپس میں مک مکا کر کے عوام کو ان کے حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔ قوم جاگیرداروں ، سرمایہ داروں اور وڈیروں کی من مانیوں سے تنگ آ چکی ہے اور تبدیلی کے لئے تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میں دھاندلی کے ذریعے تبدیلی کو آنے سے روکا گیا۔ اگر گزشتہ عام انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی تو حکمران جوڈیشل کمیشن بنانے سے کیوں خوفزدہ ہیں۔ اعجاز خان جازی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بھی بنے گا اور دھاندلی بھی بے نقاب ہو گی۔ موجودہ حکمران عوام کی طاقت کے سامنے زیادہ عرصہ نہیں ٹھہر سکتے ، بالآخر انہیں گھر جانا ہی پڑے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :