پاکستان،آذربائیجان کا باہمی تعلقات کے فروغ پر اتفاق ،تعلقات کو تذویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر زور

جمعرات 12 مارچ 2015 21:55

باکو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) پاکستان اور آذر بائیجان نے مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے جس میں خاص طور پر تجارت پر توجہ دی جائے گی۔یہ اتفاق صدر ممنون حسین اور ان کے آذر بائیجان کے ہم منصب باکو میں ایک ملاقات میں ہوا جس میں مشترکہ اعلامیئے پر دستخط کئے گئے۔دونوں رہنماؤں نے معیشت ، توانائی ، سیکیورٹی ، تجارت ، سیاحت ، مواصلات ، سائنس وٹیکنالوجی ، ماحولیات ، کھیل ، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرنے پر اتفاق کیاہے۔

مشترکہ اعلامیئے میں صدر ممنون حسین کے آذربائیجان کے دورے کو تاریخی موقع قراردیاگیاہے۔اعلامیئے میں کہاگیا ہے کہ دورے سے دوطرفہ تعاون کو تقویت ملے گی۔ اعلامیئے میں تعلقات کو تذویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر زوردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

اعلامیئے میں خطے میں امن واستحکام کیلئے کشمیر اور نگارنو کاراباخ کے مسئلوں کے فوری حل پر بھی زوردیاگیا۔

فریقین میں دہشتگردی ، انتہا پسندی ، علیحدگی پسندی ، منظم جرائم ، منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ اور انسانی تجارت ختم کرنے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔صدرممنون حسین نے جمعرات کو آذربائیجان کی پارلیمنٹ کا دورہ کیا۔انہیں پارلیمنٹ کی روزانہ کی کارروائی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا۔بعد میں اْنہوں نے آذربائیجان کے وزیراعظم سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے اْمور پر تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :