میرپور کے ضمنی الیکشن دلچسپ صورت حال اختیار کر گئے ‘پوری دنیا کی نظریں میرپور حلقہ ایل اے تھری پر مرکوز ہو گئیں

چار امیدواران کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع

ہفتہ 14 مارچ 2015 17:37

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) میرپور کے ضمنی الیکشن دلچسپ صورت حال اختیار کر گئے ‘پوری دنیا کی نظریں میرپور حلقہ ایل اے تھری پر مرکوز ہو گئیں ۔چار امیدواران کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ، اعجاز رضا میرپور کے نوجوانوں میں سب سے مقبول لیڈر بن گئے ۔ میرپور حلقہ ایل اے تھری کے ٹوٹل ووٹرز کی تعداد 68770 ہے جس میں خواتین ووٹرز کی تعداد32577جبکہ مردووٹرز کی تعداد36193ہے ۔

میرپور کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار چوہدری محمد اشرف ،تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، مسلم لیگ ن کے امیدوار ارشد محمود غازی ،مسلم کانفرنس کے امیدوار حاجی قیوم قمر ایڈووکیٹ ،آزاد امیدوار اعجاز رضا اور چوہدری جہانزیب اختر اور دیگر امیدوار میدان میں اترے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا ہے کہ چوہدری جہانزیب اختر پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار چوہدری اشرف کے حق میں دستبردار ہو جائیں گے جبکہ آزادامیدوار اعجاز رضا کو مہاجرین اور گجر برادری کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے حکومتی تمام کوششوں کے باوجود وہ ضمنی الیکشن میں دستبردار نہیں ہوئے ۔

مہاجرین قبیلہ اورگجر برادری خواہ وہ کسی بھی جماعت میں ہو وہ اپنے قبیلے کے امیدوار کو نہ صرف سپورٹ کر ے گی بلکہ ہر ممکن ووٹ بھی دیں گے۔ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمد اشرف ، آزاد امیدوار اعجاز رضا ،تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار ارشد محمود غازی کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے ۔

گذشتہ دوہزار گیارہ کے الیکشن میں چوہدری محمدا شرف جو کہ اس وقت مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑے تھے انھوں نے 16260جبکہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جو اس وقت پیپلز پارٹی کے امیدوار تھے انھوں نے 18093ووٹ لے کر 1833ووٹوں کی لیڈ سے جیتے تھے۔اس بار ضمنی الیکشن میں تین بڑ ی جماعتوں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے ۔جس میں تینوں جماعتوں کے امیدواران دوسری جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں ، ناراض کارکنوں کو راضی کرنے اور اپنی حمایت کے اعلان کرنے میں مصروف ہیں جبکہ میرپور کے عوام نئی قیادت کی شکل اعجاز رضا کی طرف زیادہ امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں ۔

ذرائع نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چےئرمین آصف علی زرداری خصوصی طور پر میرپور کے ضمنی الیکشن میں دلچسپی لے رہے ہیں اور اپنے اپنے امیدوار کی سپورٹ بھی کر رہے ہیں ۔بیرسٹر سلطان محمود جو کہ تحریک انصاف کے امیدوار ہیں وہ بھی اپنے حلقہ اور بالخصوص دیہات میں عوامی رابطہ مہم میں مصروف نظر آرہے ہیں جو کہ اس سے قبل کسی بھی الیکشن میں نظر نہیں آیا۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید گذشتہ ایک ماہ سے اپنے چند وزراء کے ساتھ میرپور میں ڈیرا لگائے ہوئے ہیں اور پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار چوہدری محمد اشرف کی انتخابی مہم میں بحیثیت پارٹی صدر بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔میرپور حلقہ کے ووٹرز میں مردوں کے ووٹ تقریباً 100%کاسٹ ہوتے ہیں جبکہ خواتین ووٹرز کی کاسٹ کی ریشو تقریباً5% ہوتی ہے اس دفعہ الیکشن میں کسی بھی جماعت کے امیدوار کو جیتنے کے لیے خواتین ووٹرز کی کاسٹ یقینی بنانے کے لیے بہت محنت کرنا ہو گی۔

ذرائع نے بتا یا ہے کہ اس ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار چوہدری محمد اشرف کا گراف سب سے بلند ہے وہ اس وقت پہلے نمبر پر مسلم لیگ ن کے امیدوار ارشد غازی دوسرے نمبر پر اور تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری تیسرے نمبر پر ہیں لیکن سیاسی جوڑ توڑ ابھی جاری ہے ۔الیکشن ہونے تک صورت حال ہر روز تبدیل ہوتی رہتی ہے۔

میرپور کے دیہات امر کھاری،گڑھا نندوال، نتھیا ٹاؤن،جڑول خورد،چندرال، کھاڑک کے علاوہ دیگر علاقے جو بیرسٹر سلطان کے گڑھ سمجھے جاتے تھے انھوں نے پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری محمدا شرف کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔اس میں دلچسپ بات آزاد امیدوار اعجاز رضا کے مستقل مزاجی کی ہے ان کو اپنے مہاجر اور گجر قبیلے کی فل سپورٹ حاصل ہے اور وہ آئندہ دو ہزار سولہ کے الیکشن کے سب سے مضبوط امیدوار بن کر آسکتے ہیں۔ ذرائع نے بتا یا کہ اعجاز رضا ضمنی الیکشن میں سات ہزار ووٹ لے سکتے ہیں

متعلقہ عنوان :