بہاولپور،اسلامیہ یونیورسٹی میں اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ٹیچرز یونائیٹڈفورم کے امیدوار ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو کا سات سال تک مسلسل صدر رہنے کا ریکارڈ قائم

ہفتہ 14 مارچ 2015 19:58

بہاولپور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء)اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں گزشتہ روز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں ٹیچرز یونائیٹڈفورم ( ٹی یو ایف) کے امیدوار ڈاکٹر جاوید حسان چانڈیو نے منتخب ہو کر سات سال تک مسلسل صدر رہنے کا ریکارڈ قائم کر دیا۔ وہ 2009 ء سے 2015ء تک اے ایس اے کے منتخب صدر چلے آ رہے ہیں۔ دیگر عہدیداران میں ڈاکٹر علی اعظم نائب صدر ، ڈاکٹر صفدر حسین جنرل سیکریٹری ، عثمان علی خان جوائنٹ سیکریٹری ، ڈاکٹر حافظ محمد اطہر خان خازن اور علی حسن قریشی پبلسٹی سیکریٹری منتخب ہوئے ۔

ڈاکٹر محمد آصف خان آرٹس فیکلٹی ، ڈاکٹر محمد فاروق وارثی سائنس فیکلٹی ، ڈاکٹر حافظ محمد الیاس اسلامک لرننگ فیکلٹی ، ڈاکٹر مسعود ندیم ایجوکیشن فیکلٹی ، شکیل سرور مینجمنٹ سائنسز فیکلٹی اور ڈاکٹر اسد اللہ مدنی فارمیسی فیکلٹی کے نمائندوں کے طور پر منتخب ہو گئے۔

(جاری ہے)

رحیم یار خان کیمپس کے نمائندے کے طور پر سلمان ضیاء اور بہاول نگر کیمپس کے نمائندے کے طور پر توقیر غوری بلامقابلہ منتخب ہوئے۔

نو منتخب صدر ڈاکٹر جاویدحسان چانڈیو نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور جنوبی پنجاب میں نمبر ون یونیورسٹی شمار ہوتی ہے ہم اسے پاکستان کی بہترین جامعات میں شامل کرنے کی کوشش کریں گے جس کے لیے ضروری ہے کہ اساتذہ کو تدریس اور تحقیق کے لیے مناسب ماحول مہیا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اے ایس اے یونیوسٹی اساتذہ کی جائز ترقیوں کے لیے فوری طور پر سلیکشن بورڈ کا انعقاد چاہتی ہے اور ان کا ورک لوڈ بھی پاکستان کی بہترین جامعات کے مطابق کرانا چاہتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بہت جلد تقریب حلف برداری کا انعقاد کیا جائے گا جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کے ساتھ یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی اور اساتذہ کے مسائل کے حل کے حوالے سے میٹنگ کی جائے گی۔ انہوں نے الیکشن میں حصہ لینے والے مخالف پینل کے امیدواروں ، اساتذہ ، اپنے ووٹران اور الیکشن کمیشن کا پر امن اور خوشگوار ماحول میں انتخابات کرانے پر شکریہ ادا کیا۔