Live Updates

وزیر اعظم نے 21ویں ترمیم پر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے‘دھاندلی کے خلاف واویلا کرنے والے عمران خان نے خود سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد ڈالی،گرجا گھر وں پر حملے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی عالمی سازش اور حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے

جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا عطاالرحمن کی جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو

پیر 16 مارچ 2015 17:42

جیکب آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء ) جمعیت علمائے اسلام(ف) کے مرکزی رہنما سینیٹر مولانا عطاالرحمن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے 21ویں ترمیم کے حوالے جے یو آئی کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ، 21ویں ترمیم میں مذہب اور اسلام کو ٹارگیٹ بنایا گیا جو کہ امتیازی قانون ہے ، دھاندلی کے خلاف واویلا کرنے والے عمران خان نے خود سینیٹ کے انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کی بنیاد ڈالی ۔

وہ پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرجے یو آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ راشد محمود سومرو،جے یو آئی کے مرکزی کونسل کے رکن ڈاکٹر اے جی انصاری ، حافظ میر محمدبنگلانی، مولانا عبدالجبار رند،مولانا فدا احمد ڈول، حاجی غلام رسول مینگل، حماد اللہ انصاری، حاجی عباس بلوچ ،تاج محمود امروٹی، محمد موسیٰ مہر اور دیگر بھی موجود تھے،مولانا عطاالرحمن نے مزید کہا کہ سانحہ یوحنا آباد قابل مذمت ہے ،گرجا گھر وں پر حملے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی عالمی سازش اور حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے ،انہوں نے کہا کہ جب تک ملک کی خارجہ اور داخلہ پالیسیاں آزاد نہیں ہوگی ملک میں امن کا قیام ممکن نہیں ہوگا، حکمرانوں کو ملک میں قیام امن کے لیے عملی اقدامات کرنے اور امریکی جنگ سے نکلنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جنگ میں ہمارا بڑا نقصان ہوا ہے مگر ہمارے حکمران امریکی جنگ سے نکلنے کے لیے تیار نہیں، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کو 21ویں ترمیم کے حوالے سے تحفظات ہیں کیونکہ ترمیم میں مذہب کو ٹارگیٹ بنایا گیا ہے وزیر اعظم نے ملاقات میں جے یو آئی کے تحفظات کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ،عمران خان نے پہلے خود دھاندلی کے لیے شور مچایا اور بعد میں سینیٹ انتخابات میں خود دھاندلی کی بنیاد رکھی جوکہ قابل افسوس ہے ،انہوں نے مزید کہا کہ مولانا عبدالغفور حیدری کا کردار ملک کی سیاست میں اہم رہا ہے وہ سینیٹ میں بلوچستان کے حقوق کے لیے موثر آواز بنیں گے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :