میرپور ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ،شاہین کوثر ڈار

منگل 17 مارچ 2015 17:17

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17مارچ۔2015ء) ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہین کوثر ڈار نے کہاہے کہ میرپور کے ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ‘ میرپور کے ضمنی الیکشن میں نظریات اور شخصیات کا مقابلہ ہے ‘ نظریات کے میدان میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کوئی شخصیت نہیں کر سکتی ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر پر میرپور کے ضمنی الیکشن میں سرکاری وسائل استعمال کرنے کا پروپیگنڈہ بے بنیاد ہے ۔

چوہدری عبدالمجید اگرچہ وزیراعظم ہیں لیکن مخالفین کو یہ بات بھی یاد رکھنی چاہیے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر بھی ہیں ‘ بحیثیت صدر پارٹی اپنے اُمیدوار کی انتخابی مہم چلانا اُن کی ذمہ داری ہے ۔ پیپلز پارٹی پر الزامات لگانے والے خود بھی الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ‘ اور وفاقی شخصیات عہدوں کا ناجائز استعمال کر رہی ہیں ‘ میڈیا سے گفتگو کے دوران اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے ‘ اور جمہوریت کیلئے پارٹی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ‘ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید اور ان کی ٹیم پر سرکاری وسائل کے استعمال کرنے کا الزام درست نہیں ہم ایسے الزامات کی مذمت کرتے ہیں ‘ اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہوئے ہیں کہ وہ میرپور کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیں اور وفاقی وزراء ‘ ممبران اسمبلی اور وفاقی عہدیداران کی طرف سے انتخاب پر اثر انداز ہونے کی منفی کوششوں کا سدباب کریں ‘ حکومت آزاد کشمیر میرپور کے ضمنی الیکشن صاف اور شفاف انداز میں منعقد کرانا چاہتی ہے ۔

(جاری ہے)

اور اس مقصد کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ انتخابات پر اثر انداز ہونے کا الزام حکومت پر عائد نہیں کیا جا سکتا ہے اور نہ حکومت کسی ایسے ہتھکنڈے پر یقین رکھتی ہے۔

متعلقہ عنوان :