سویڈن: ریستوران میں فائرنگ سے دو ہلاک اور 15 زخمی،

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں

جمعرات 19 مارچ 2015 20:43

سٹاک ہوم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مارچ۔2015ء) سویڈن کے شہرگووتنبرگ میں پولیس حکام کے مطابق ایک ریستوران میں فائرنگ کے واقعے میں دو افراد ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کی رات گئے اس واقعے میں ملوث حملہ آوروں کے پاس خود کار ہتھیار دیکھے گئے تھے اور یہ کلاشنکوف رائفلیں بھی ہو سکتی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد کی عمر 20 سے 25 برس کے درمیان ہیں۔

پولیس کی ترجمان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ واقعہ گینگ وار کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے۔ایک عینی شاہد نے مقامی ٹی وی چینل ایس وی ٹی کو بتایا کہ دو آدمی ریستوران میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کر دی۔عینی شاہد نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’مجھے سوچنے کا وقت نہیں ملا کہ کیا ہوا لیکن میں نے دیکھا کہ میرے ایک دوست کا خون بہہ رہا تھا۔

(جاری ہے)

میں نے اپنے ہاتھ سے خون روکنے کی کوشش کی۔‘حملہ اس وقت ہوا جب ریستوران میں گاہک فٹبال میچ دیکھ رہے تھے۔حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔اس سے پہلے 30 جنوری کو ریستوران کے باہر واقع چوک پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا تھا تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ حالیہ واقعے کا اس سے کوئی تعلق ہے کہ نہیں۔سویڈن کے زیادہ تر شہروں میں مسلح حملوں کے واقعات انتہائی شاذ و نادر ہیں

متعلقہ عنوان :