سعودی عرب، حرم سمیت دیگر مقدس مقامات پر موبائل فون جام کرنے کی تجویز

جمعہ 20 مارچ 2015 16:18

جدّہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء ) سعودی حکومت کو ملک کے مقدس مقامات پر اسمارٹ فون پر ایپس اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی تجویزپیش کردی گئی ۔سعودی میڈیا کے مطابق ایک سینئر سیکورٹی آفیسر نے حال ہی میں یہاں ایک تجویز پیش کی ہے کہ سعودی عرب کی حکومت کو ملک کے مقدس مقامات پر اسمارٹ فون پر ایپس اور سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس کے استعمال پر پابندی عائد کرنی چاہیے، تاکہ زائرین عبادات پر اپنی توجہ مرکوز کرسکیں۔

مسجد الحرام کی سیکورٹی فورس کے کرنل بدر بن السعود نے بتایا کہ لوگوں کو اپنے موبائل فونز پر صرف کالز کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے زائرین سمجھتے ہیں کہ وہ شاید پکنک پر آئے ہیں، اور وہ معروف لوگوں کے ساتھ اپنے تصاویر لینے میں مصروف ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال ہالی وڈ کے سب سے بڑے ایوارڈ آسکر کی تقریب میں آسکر سیلفی سے یہ بے پناہ مقبول ہوگئی تھی، اور سیلفی کے بارے میں دنیا بھر میں باتیں شروع ہوگئی تھیں۔

زائرین کا کعبہ اللہ کے سامنے اپنی سیلفی لینا ایک عام سی بات ہے۔کرنل بدر السعود نے یہ بات شاہ فہد سیکورٹی کالج میں منعقدہ سعودی عرب میں تحفظ اور سلامتی کے مسائل کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تاہم اس سیمینار کے شرکاء میں سے عبدالرحمان الفجر نے اس اقدام کی مخالفت کی، ان کا تعلق مصر سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ امدادی کارروائی میں مدد دینے کے لیے بھی اپنے اسمارٹ فون کے ایپس کو استعمال کرسکتے ہیں۔

حج اور عمرہ کی ادائیگی کے دوران زائرین کا اپنے موبائل فون کے ذریعے سیلفی تصاویر لینے کے رجحان پر اس سے پہلے بھی کافی تنقید کی گئی تھی، لیکن اس کے باوجود اس رجحان میں کمی کے بجائے اضافہ ہی دیکھنے میں آیا ہے۔گزشتہ سال حج کے موقع پر یہ معاملے وسیع پیمانے پر جاری بحث کا موضوع بن گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :