پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لئے بھٹو خاندان کی قربانیان نا قابل فراموش ہیں ‘چوہدری لطیف اکبر

پیر 23 مارچ 2015 16:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل اور وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لئے بھٹو خاندان کی قربانیان نا قابل فراموش ہیں ‘ جمہوریت اور پاکستان کے عوام کے لئے بھٹو خاندان نے عملی طور پر جانیں قربان کیں لیکن کبھی کسی آمر یا عوام دشمن قوت کے سامنے سر نہیں جھکایا ۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ملک و ملت کے لئے جو قربانیاں دی ہیں وہ کسی دوسری جماعت کی قیادت تصور تک نہیں کر سکتی۔ جمہوریت کے لئے پورا بھٹو خاندان قربان ہو گیا لیکن اس خاندان نے سر جھکانا تسلیم نہیں کیا ۔ بھٹو شہید کی شہادت کے بعد محترمہ نصرت بھٹو نے پیپلز پارٹی کو سنبھالا اور ضیاء کے بدترین مارشل لاء کا مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

نصرت بھٹو نے انتہائی مشکل حالات میں پی پی کے کارکنان کو مایوس نہیں ہونے دیا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے محترمہ نصرت بھٹو کے یوم ولادت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ان کا کہنا تھا کہ شہید ذولفقار علی بھٹو نے پاکستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے ملک کے اندر پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی۔ اور اس انقلابی پارٹی کو عوام کی حقیقی جماعت بنایا لیکن عوام دشمن قوتوں کو یہ عوامی جماعت ایک آنکھ نہ بھائی۔

اور بھٹو شہید کا عدالتی قتل کرا دیا گیا ۔اس کے بعد محترمہ نصرت بھٹو نے اس انقلابی جماعت کی قیادت کا بیڑہ اٹھایا اور ضیائی مارشل لاء کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کیا اور پی پی کو متھد و منظم رکھا اور کارکنان کے ساتھ ڈٹ کر مارشل لاء کی سختیوں کا مقابلہ کیا۔ بدترین مارشل لاء کے باوجود نصرت بھٹو نے عوامی حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھی۔اور آمریت کو للکارا۔

ضیائی مارشل لاء کے تمام تر حربوں اور ہتھکنڈوں کے باوجود ظلم کے سامنے ڈٹی رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ میں محترمہ نصرت بھٹو کی خدمات اور کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اور ان کی خدمات اور کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نصرت بھٹو نے اپنے عزم و حوصلے سے ثابت کیا کہ وہ عظیم خاتون ہیں اور ان کا کردار خواتین کے لئے مشعل راہ ہے۔

لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ بھٹو خاندان نے جمہوریت کے لئے ان گنت قربانیاں دی ہیں اور پورا خاندان جمہوریت کے سفر اور جدوجہد میں قربان ہو گیا لیکن اس خاندان کے مجاہدین نے کبھی کسی آمر کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ اور حق و صداقت کا پرچم سربلند رکھا ۔اس موقع پر لطیف اکبر کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ پی پی کے کارکن محترمہ نصرت بھٹو کے مشن کی تکمیل کے لئے جہد مسلسل جاری رکھیں گے۔اور جمہوریت کے سفر میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :