دہشتگردی کے ساتھ جرائم کا خاتمہ بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے،چودھری رفعت ایڈووکیٹ

منگل 24 مارچ 2015 17:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے سنیئر رہنماچودھری رفعت ایڈوکیٹ نے کہاہے کہ دہشتگردی کے ساتھ ساتھ جرائم کا خاتمہ بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے،قومی اور ملکی سلامتی کے معاملات پر حکومت اور فوجی اسٹیبلشمنٹ ایک ہی صفحے پر ہیں، ہم ملک میں امن و استحکام اور انتہاپسندی ودہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں-اپنے بیان میں چودھری رفعت ایڈووکیٹ نے کہاکہ دہشت گردی کے واقعات ملک و قوم کے خلاف سازش ہیں،پاکستان توڑنے کی سازش کرنے والے خود صفحہ ہستی سے مٹ جائیں گے ،ہر محب وطن کومادروطن کے سینے میں دہشتگردی کی آگ لگانے والوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹ جانا ہوگا-مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ امن کیلئے پوری قوم متحد ہو کر حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے،دہشت گردی سے ملک کو نجات دلانے کیلئے حکومت اور فوج کے اقدامات سے جلد اچھے نتائج نکلیں گے- چودھری رفعت ایڈووکیٹ نے کہاکہ پاکستان کودہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت کا سامنا ہے،ہمیں اپنی ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہے،حکمران عوام کو مایوس نہیں کریں گے او رعوامی توقعات پر پورااتریں گے ۔