کاشتکار مونگ کی کاشت کیلئے 12 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں ،محکمہ زراعت،

بوائی تروتر حالت میں بذریعہ ڈرل کریں،مونگ کو آبپاش اور بارانی علاقوں میں یکساں طور پر کامیابی کے ساتھ کاشت کیا جا سکتا ہے،ترجمان

منگل 24 مارچ 2015 23:21

راولپنڈی/ اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کاشتکار مونگ کی کاشت کیلئے 12 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں اور بوائی تروتر حالت میں بذریعہ ڈرل کریں۔ مونگ کو آبپاش اور بارانی علاقوں میں یکساں طور پر کامیابی کے ساتھ کاشت کیا جا سکتا ہے ۔ کاشتکاربھرپور پیداوار کے لیے آبپاش علاقوں میں مونگ کی ترقی دادہ اقسام نیاب مونگ۔

2011،نیاب مونگ۔2006، اور آزری مونگ ۔2006جبکہ بارانی علاقوں میں چکوال ایم ۔6 ہی کاشت کریں۔

(جاری ہے)

ان اقسام کی پیداواری صلاحیت 25من فی ایکڑ تک ہے ۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بوائی سے قبل بیج کو جراثیمی ٹیکہ ضرور لگائیں۔ترجمان کے مطابق مونگ کی فصل کے لیے کھاد کے حسب ضرورت استعمال کے لیے زمین کا تجزیہ کرانا ضروری ہے ۔زمین کے تجزیہ کی عدم موجودگی میں ایک بوری ڈی اے پی+آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ یا آدھی بوری یوریا کے ساتھ ایک بوری ٹرپل سپر فاسفیٹ اور آدھی بوری پوٹاشیم سلفیٹ کھاد فی ایکڑ ڈال کر بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے ۔ترجمان نے مزید کہا ہے کہ تمام کھادیں بوائی سے پہلے آخری ہل کے ساتھ استعمال کریں۔