میرپور اسٹیڈیم میں پیپلز پارٹی کا جلسہ تاریخ ساز ہو گا،پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین اس جلسہ میں شریک ہونگے

پیپلز پارٹی کے راہنماء و سابق چیئرمین تعلیمی بورڈ میرپور پروفیسر افضل مرزاکی صحافیوں سے بات چیت

بدھ 25 مارچ 2015 14:25

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے راہنماء و سابق چیئرمین تعلیمی بورڈ میرپور پروفیسر افضل مرزانے کہاہے کہ میرپور اسٹیڈیم میں پیپلز پارٹی کا انتخابی جلسہ تاریخ ساز ہو گا،پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی قائدین اس جلسہ میں شریک ہونگے ،میرپور کے عوام جلسہ میں شامل ہو کر پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرینگے ،وزیر اعظم چودھری عبدالمجید درویش صفت انسان ہیں اُنہوں نے پورے خطہ میں بلاتخصیص ترقیاتی کام کروائے ہیں پیپلز پارٹی کارکردگی کی بنیاد پر آزاد کشمیر کے جنرل الیکشن بھی جیتے گی، میرپورضمنی الیکشن پیپلزپارٹی کا امیدوار چوہدری محمداشرف بھاری اکثریت سے جیتے گا،موجودہ حکومت وزیر اعظم چودھری عبدالمجید کی قیادت میں متاثرین منگلا ڈیم کے اضافی کنبہ جات کا مسئلہ حل کریں گی،نیوسٹی میں سوئی گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ، نیوسٹی سمیت میرپو ر کے مسائل کے حل کے لیے پیپلزپارٹی کا ساڑھے تین سالہ دور عوام کے سامنے ہے،ضمنی الیکشن کے بعد اگلے ڈیڑھ سال بعد پھر عوامی عدالت لگے گی اگر ہماری کارکردگی ٹھیک نہیں ہوگی تو عوام ہمارا احتساب کریں گے، لوگ باشعورہوچکے ہیں اب وہ کسی کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، ان خیالات کااظہارانھوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،پروفیسر افضل مرزانے کہاکہ پیپلزپارٹی کے امیدوارچوہدری محمداشرف کی کامیابی شہید محترمہ بے نظیربھٹو کی کامیابی ہے ،انھوں نے کہا29 مارچ پیپلزپارٹی کی فتح کا دن ہوگا اور چودھری محمداشرف کی کامیابی پیپلزپارٹی کی کامیابی ہوگی ۔