طیارے کے کاک پٹ میں ہر وقت عملے کے 2ارکان لازمی، کئی ایئر لائنز کا فیصلہ

جمعہ 27 مارچ 2015 15:12

طیارے کے کاک پٹ میں ہر وقت عملے کے 2ارکان لازمی، کئی ایئر لائنز کا فیصلہ

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء)دنیا بھر کی ایئر لائنز نے مستقبل میں ہر فلائٹ کے کاک پٹ میں ہر وقت عملے کے 2 اراکین کی موجودگی کو لازمی بنانے کے بارے میں غور کرنا شروع کر دیا۔عالمی میڈیا کے مطابق یہ اقدام جرمن ایئر لائن جرمن ونگز کے ایک مسافر طیارے کی تباہی کے بعد کیا گیا ہے، جس کے حوالے سے تفتیشی کارروائی سے پتہ چلا ہے کہ اس جہاز کے معاون کپتان نے غالباً اس طیارے کو جان بوجھ کر گرایا تھا۔

(جاری ہے)

کئی بڑی یورپی ایئر لائنز نے اعلان کر دیا ہے کہ مستقبل میں ان کی مسافر پروازوں کے کاک پٹ میں عملے کے دو اراکین لازمی طور پر ہر وقت موجود رہا کریں گے۔ جرمن ونگز کے جہاز کے حادثے کی تفتیش کرنے والے فرانسیسی ماہرین نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ اس پرواز کے معاون پائلٹ نے دانستہ طور پر جہاز کی بلندی میں کمی کی اور جہاز کے کریش کے وقت معاون پائلٹ ہی وہ واحد شخص تھا، جس کا طیارے پر مکمل کنٹرول تھا۔ بتایا گیا ہے کہ 28 سالہ معاون پائلٹ آندریاس لْوبٹِس نے پائلٹ کے کاک پٹ سے نکلنے کے بعد اسے دوبارہ اندر نہیں آنے دیا تھا۔