عرب لیگ کا مشترکہ فوج بنانے کا اعلان

اتوار 29 مارچ 2015 16:51

عرب لیگ کا مشترکہ فوج بنانے کا اعلان

شرم الشیخ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29مارچ۔2015ء) عرب لیگ کے ممالک کے سربراہان میں ایک مشترکہ عرب فوج بنانے پر اتفاق ہو گیا ہے اور اس بات کا اعلان اتوار کو مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے شرم الشیخ میں جاری اجلاس کے دوسرے روز کیا۔ خیال رہے کہ اس وقت مصر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ میں یمن کی صورتحال کا جائزہ لینےکے لیے عرب لیگ کا اجلاس جاری ہے لیکن یہ ابھی واضع نہیں ہوسکا کہ اس فوج کو یمن بھیجا جائے گا یا نہیں۔

گزشتہ پانچ روز سے سعودی عرب کی قیادت میں اتحادی یمن میں فضائی کارروائی کر رہے ہیں۔ یہ فضائی حملے یمن کے صدر عبدربہ ہادی منصور کی حمایت میں کیے جا رہے ہیں جو حوثی باغیوں کی پیش قدمی کی وجہ سے ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ حوثیوں کو ایران کی مدد حاصل ہے۔

(جاری ہے)

مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کا کہنا تھا کہ ’ عرب رہنماوں میں مشترکہ فوج بنانے پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔

‘ یہ ایک رضاکار فوج ہو گی اور اس کو منظم کرنے کے لیے عرب لیگ اپنے اراکین ممالک کے فوجی نمائندوں کے ساتھ مشاورت کرے گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مجوزہ فوج میں عرب لیگ کے تمام اراکین کی جانب سے شمولیت کا امکان نہیں ہے۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مصری حکام کا کہنا ہے یہ فوج 40 ہزار اعلٰی تربیت یافتہ فوجیوں پر مشتمل ہوگی اور اسے فضائی اور بحری مدد بھی حاصل ہوگی۔ عرب لیگ کے سربراہ نبیل العربی کا کہنا ہے کہ سعودی قیادت میں حوثیوں کے خلاف جاری کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک باغی قبضہ کیے ہوئے علاقے چھوڑ کر ہتھیار نہیں ڈال دیتے۔

متعلقہ عنوان :