تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کا وقت آچکا ہے ۔۔۔۔ مسرت عالم بٹ

پیر 30 مارچ 2015 19:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء)مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیرمسلم لیگ کی مجلس شوری کا اجلاس پارٹی سربراہ مسرت عالم بٹ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں تحریک آزادی کی موجودہ صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی سربراہ مسرت عالم بٹ نے شرکاء کو اپنی ذمہ داریوں سے باخبر کرتے ہوئے تنظیم کو مزید فعال بنانے کیلئے متحرک ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام علاقے پر بھارت کے ناجائز قبضے کی وجہ سے پچھلی 7 دہائیوں سے مصائب اور مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ ان مشکلات سے نجات حاصل کرنے کیلئے جاری آزادی کی تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے اوراپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے ان کومزید مضبوط کیا جائے۔ مسرت عالم بٹ نے پارٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ قریبی رابطہ قائم رکھیں اور تحریک آزادی کے خلاف بھارت کی طرف سے کی جانے والی تمام تر سازشوں کو ناکام بنائیں۔