پاک بھارت مذاکراتی عمل کا محور تنازعہ کشمیر کا حل ہونا چاہئے۔۔۔۔ نعیم خان ،

کشمیری آزادی کے مطالبے سے کبھی دستبردار نہیں ہونگے

منگل 31 مارچ 2015 19:54

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31مارچ۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورجموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت مذاکراتی عمل کا محور تنازعہ کشمیر کا حل ہونا چاہئے اور اس میں کشمیر کی آزادی پسند قیادت کو شامل کیا جانا چاہئے تاکہ کشمیری عوام کے جذبات اور خواہشات کی نمائندگی ہوسکے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نئی دہلی کے ایک ہفتے کے دورے کے بعد سرینگر پہنچنے پر نعیم احمد خان نے زور دیکر کہا کہ کشمیری عوام اپنے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد چاہتے ہیں اور عالمی برادری کو کشمیریوں کی سیاسی جدوجہد کی حمایت کیلئے آگے آنا چاہیے۔

انہوں نے نئی دلی میں ایک ہفتے کے دوران مختلف ممالک کے سفارتکاروں و نمائندوں اور بھارت کے کئی سول سوسائٹی ارکان سے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

نعیم احمد خان نے شہید اشفاق مجید وانی اور شہید ایڈووکیٹ جلیل اندرابی کو اُن کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے سیاسی حقوق کی خاطر بے پناہ اور لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے عزم و استقلال سے قابض قوتوں کا ہر حربہ ناکام ہوگا اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کو اُن کی قربانیوں کا بھر پور صلہ ملے گا۔ نعیم احمد خان نے کہا کہ کشمیری کئی دہائیوں سے انصاف کے منتظر ہیں مگر نام نہاد جمہوریت کے پجاری ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو آزادی کے مطالبے سے دستبردار کرانے کے لیے ان پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کی سیاسی و فوجی قیادت کشمیریوں کے حوصلے اور عزم کو توڑنا چاہتی ہے لیکن کشمیریوں نے تہیہ کر رکھا ہے کہ وہ اپنی شناخت کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور آزادی کا مطالبہ کبھی ترک نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی ساری نگاہیں عالمی برادری پر لگی ہوئی ہیں اور اس کو آگے آکر کشمیریو ں کو اپنا حق دلانے کے لیے ضروری اقدامات کرنے چاہیے۔حریت رہنما نے مقبوضہ علاقے میں سیلابی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہارکرتے ہوئے لوگوں کے صبر،عزم اور امداد باہمی کے جذبہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :