شہید اشفاق مجید وانی کی برسی کے موقع پر جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

منگل 31 مارچ 2015 20:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31مارچ۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء جاوید احمد میر نے تحریک آزادی کشمیر کے سرکردہ قائدین شہید اشفاق مجید وانی، شہید جلیل احمد اندرابی اور شہید شبیر احمد صدیقی کو انکی برسیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدائے کے عظیم نصب العین کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شہید قائدین کی برسی کے موقعہ پر مزار شہداء سرینگر میں منعقدہ ایک دعائیہ تقریب میں حریت رہنماء جاوید احمد میر کی قیادت میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے شرکت کی اور شہید قائدین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقعہ پر انہوں نے شہداء کے مشن کی تکمیل کو تحریک آزادی کا ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حل طلب دیرینہ مسئلہ کشمیر سے گزشتہ کئی دہائیوں سے پورے خطے کے امن و سلامتی کو مسلسل خطرہ لاحق ہے اور اس مسئلہ کی موجودگی کی وجہ سے کشمیری عوام گزشتہ 68برسوں سے بھارت کے ظلم وتشدد اور ریاستی دہشت گردی کا سامنا کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جاویدمیر نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے تاکہ جنوبی ایشیائی میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ خطے کے کروڑوں عوام کے مستقبل کو لاحق خطرات سے بچایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :