دارالخیر میرواعظ منزل کے کارکن ،رضاکاراور نوجوان ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں ۔۔۔میرواعظ

منگل 31 مارچ 2015 20:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31مارچ۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں دارالخیر میرواعظ منزل کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے وادی کشمیرمیں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہوئی صورتحال اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے ممکنہ سیلابی خطرات کا جائزہ لیااور تنظیم کے کارکنوں ، رضاکاروں اور نوجوانوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایات کی ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے دارالخیر کے ہنگامی اجلاس کے دوران کہاکہ مسلسل موسلادھار بارشوں کی وجہ سے وادی میں ایک بار پھرگزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے ، جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے ۔انہوں نے تمام کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کادورہ کریں اور لوگوں کے ساتھ اپنے روابط کو مذید فعال بنائیں۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کشمیری عوام ، رضاکار اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے کٹھ پتلی انتظامیہ کے اداروں پر انحصار کرنے کی بجائے از خود ایک دوسری کی مدد کریں۔ میرواعظ نے سرینگر کے مختلف علاقوں کے علاوہ ہمدانیہ کالونی سرینگر میں بندھ ٹوٹنے اورممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں کے انتظامیہ کے دعوؤں کے محض فریب قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ پہلے ہی گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لاکھوں کشمیری عوام بحالی اور دوبارہ آبادکاری کے حوالے سے انتظامیہ کے اقدامات کے منتظر ہیں۔انہوں نے بارشوں کی وجہ سے بڈگام کے کئی علاقوں میں مکانات گرنے سے آٹھ افراد کے جاں بحق اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے پر شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ موجودہ تشویشناک صورتحال کے پیش نظر اللہ تبارک و تعالیٰ کے حضور انفرادی اور اجتماعی طور توبہ و استغفار کا سلسلہ جاری رکھیں ۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے 3اپریل بروز جمعہ کو جامع مسجدسرینگر میں ایک خصوصی دعائیہ مجلس منعقد کی جائے گی ۔ ادھرسینئر حریت رہنماء اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے بھی ایک بیان میں حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

انہوں نے فریڈم پارٹی کی مقامی سطح کی کمیٹیوں کو امدادی کیمپوں میں تبدیل کرنے کے ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کی جدوجہد میں عملی حصہ لینے کے ساتھ ساتھ ہمیں مصیبت زدہ بھائیوں کی اعانت اور انھیں راحت پہنچانے کیلئے ہراول دستے کے طور کام کرنا ہوگا ۔شبیرشاہ نے پارٹی کارکنوں اور عوام سے اپیل کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں ُاسی طرح اپنے مشفقانہ جذبہ ایثارکا مظاہرہ کریں جس طرح انھوں نے گزشتہ سال قہر انگیز سیلاب کے موقعے پر کیا تھا ۔