مقبوضہ کشمیر، سید علی گیلانی کابارشوں کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار

کارکن سیلابی صورتحال پر نظر رکھیں، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں، انتظامیہ کی غفلت شعاری کے باعث جموں وکشمیر ابتر حالات سے دوچار ہے، لینڈ مافیا نے نکاسی آب کیلئے مخصوص نہروں، ندی نالوں تک کو فروخت کردیا ہے، حریت رہنماء کا بیان

بدھ 1 اپریل 2015 18:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی نے شدید بارشوں کے نتیجے میں چرار شریف کے مضافاتی گاوٴں میں مکان گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری بیان میں کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب کشمیری گزشتہ سال کے شدید سیلاب کی تباہ کاریوں سے ابھی تک سنبھل نہیں پائے ہیں، ایک بار پھرصورتحال سنگین رُخ اختیار کررہی ہے ۔

بزرگ رہنماء کی ہدایت پر تحریک حریت کا مشتمل وفد چرارشریف کے گاؤں لیڈن گیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہارتعزیت وہمدردی کیا ۔وفد میں حریت رہنما ء لطاف احمد شاہ، بشیر احمد قریشی، تعشوق احمد بانڈے اورعبدالمجید راتھرشامل تھے ۔حریت رہنماؤں راجہ معراج الدین، سید امتیاز حیدر اور معراج الدین ربانی پر مشتمل ایک وفد حالیہ شدید بارشوں سے متاثرہ سرینگر کے علاقوں کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے علاقے میں کھڑے پانی وہاں ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا ۔سید علی گیلانی نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر اپنے فورم اور اس سے وابستہ تمام کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مستعد رہیں اور سیلابی صورتحال پر نظر رکھیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔ سید علی گیلانی نے کٹھ پتلی انتظامیہ کو سیلاب سے بچاؤکیلئے جامع انتظامات نہ کرنے پر کٹھ پتلی انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے جموں وکشمیرابتر حالات سے دوچارہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال مارچ اوراپریل میں شدیدبارشیں ہوتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ لینڈ مافیا نے نکاسی آب کے لیے مخصوص نہروں اور ندی نالوں تک کو فروخت کردیا ہے ۔ بزرگ رہنماء نے سرینگر کی صورتحال پر خاص طور سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس خوبصورت شہر کا پورا ڈرینج سسٹم بے کار ہے اور اس کی سالہاسال سے کوئی خبر نہیں لی گئی ہے جس کی وجہ سے دو دن کی بارش کے بعد پورا شہر پانی میں ڈوب گیا ہے۔انہوں نے بھارت نواز سیاست دانوں پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ انہیں انتخابی ڈھونگ کے موقع پر ہی صرف کشمیریوں کی یاد آتی ہے۔

متعلقہ عنوان :