تارکین وطن تحریک آزادی کے بلاتنخواہ سفیر ہیں،خدمات تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی،محمد طاہر کھوکھر

حکومت مسائل کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے، تارکین وطن سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آزادکشمیر کی معاشی ترقی میں کردار ادا کریں، رہنماء ایم کیو ایم آزاد کشمیر

جمعہ 3 اپریل 2015 17:44

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ،جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہر کھوکھر نے کہاہے کہ تارکین وطن تحریک آزادی کے بلاتنخواہ سفیر ہیں۔ ان کی خدمات تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ حکومت ان کے مسائل کے حل میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔ تارکین وطن آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آزادکشمیر کی معاشی ترقی میں کردار ادا کریں۔

صنعت، ٹرانسپورٹ ، سیاحت ، ہائیڈرل پاور میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان سے فائدہ اٹھا کر تارکین وطن نہ صرف اپنے سرمایہ کو تحفظ دے سکیں گے بلکہ آزادکشمیر میں غربت و بیروزگاری کے خاتمہ اور معاشی ترقی میں کردار ادا کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

تارکین وطن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ وہ ہمارے بلاتنخواہ سفیر ہیں۔

دنیا بھر میں جہاں بھی کشمیری بسلسلہ روزگار مقیم ہیں انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں اور بھارتی مظالم کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر تارکین وطن کی خدمات کونظرانداز نہ کرے۔ آزادکشمیر میں تارکین وطن کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا ئیں۔

ان کے مقدمات کے جلد از جلد فیصلہ جات، جائیدادوں کے تحفظ کے لیے قانون سازی کا عمل شروع کیا جائے۔ یہاں ان کو درپیش تمام مسائل حل کیے جائیں ۔ انہوں نے تارکین وطن سے کہا کہ وہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے علاوہ فلاحی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ خصوصاً تعلیم اور صحت کے میدان میں جس طرح انہوں نے ماضی میں تعاون کیا اس کا دائرہ کار وسیع کریں۔

سرمایہ کاری کے حوالے سے طاہر کھوکھر نے کہا کہ حکومت ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام سہولیات فراہم کرے ۔ تارکین وطن کو ٹیکسز میں خصوصی چھوٹ دی جائے ۔ سرخ فیتہ کسی بھی سٹیج پر آڑے نہیں آنے دیا جانا چاہیے۔ تارکین وطن سیاحت، ٹرانسپورٹ ، چھوٹی صنعتوں، ہائیڈرل پاور جنریشن میں سرمایہ کاری کریں۔ خصوصاً سیاحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

بیرون ملک لوگوں کو آزادکشمیر کی مسحور کن وادیوں کی سیاحت کے لیے راغب کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کی ترقی و فروغ سے آزادکشمیر کو ایشیاء کی خوشحال ترین ریاستوں میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے تارکین وطن کو ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں ون ونڈو آپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی اور سرمایہ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ تارکین وطن نے حکومت کی سرمایہ کاری کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بیرون ملک آباد کشمیری سرمایہ کاروں کو آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کریں گے تا کہ وہ اپنے وطن کی ترقی و خوشحالی میں بھی کردار ادا کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :