نوجوانوں کی بہبود مسلم لیگ ن کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، وزیراعظم نواز شریف کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں یوتھ پالیسی کا نفاذ کریں گے، یوتھ پالیسی ، معلومات تک رسائی کے حق اور حق تعلیم سے متعلق یوتھ کونسل کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی مکمل حمائت کرتے ہیں،حکومت آذادکشمیراپنی زمہ داریوں کا احساس کر کے فوری طور پر یوتھ پالیسی کی منظور ی کرے

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر چوہدری منظور احمدکا شرکاء سے خطاب

ہفتہ 4 اپریل 2015 15:51

مظفر آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء ) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر چوہدری منظور احمدنے کہا ہے کہ نوجوانوں کی بہبود مسلم لیگ ن کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، وزیراعظم نواز شریف کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں یوتھ پالیسی کا نفاذ کریں گے، یوتھ پالیسی ، معلومات تک رسائی کے حق اور حق تعلیم سے متعلق یوتھ کونسل کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی مکمل حمائت کرتے ہیں،حکومت آذادکشمیراپنی زمہ داریوں کا احساس کر کے فوری طور پر یوتھ پالیسی کی منظور ی کرے۔

وہ ہفتہ کو مظفرآباد میں یوتھ پالیسی سے متعلق پالیسی ڈائیلاگ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈائیلاگ کا انعقاد مظفرآباد یوتھ کونسل نے سوشیوٹیک اور یوایس ایڈ کے تعاون سے کیا تھا۔انھوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں معلومات تک رسائی کے حق، مفت تعلیم سے متعلق قانون سازی اور یوتھ پالیسی کی فوری منظوری اوراطلاق ہونا چاہئے اور موجودہ حکومت کو فوری اقدامات اٹھانے چاہئے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ یوتھ کونسل کی طرف سے چارٹر آف ڈیمانڈ کے تمام نکات طلباء یونین کے انتخابات ، یکساں بنیادوں پر تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور غیر تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے تعلیم بالغاں کا پروگرام، غریب طلباء کے لیے تعلیمی اخراجات میں معاونت اور ہونہار طلباء کے لیے وظائف ، ریاستی سطح پر یوتھ کمیشن میں نوجوانوں کے لیے پچاس فیصد نمائندگیپر مسلم لیگ ن کو مکمل اتفاق ہے ۔

انھوں نے کہا آذادکشمیر میں نوجوانوں کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔ملک کی آبادی کا ایک بڑا حصہ نوجوان نسل ہونے کے باوجود ان سے متعلقہ مسائل اور درکار حل اور مواقعوں کو بہت کم بلکہ شاذ و نادر ترجیح دی گئی ہے۔ حد درجہ غربت کی وجہ سے نوجوان نسل کا ایک بڑا حصہ اپنے بچپن ہی سے اپنے معاشی مسائل کے حل کے لیے کوشش کر نا شروع کر دیتا ہے ۔ نوجوانوں کے لئے پالیسی کا نفاذ نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان نسل کو بہتر سمت کا ادارک نہیں ہوتاجسکی وجہ سے وہ اپنا مثبت کردار ادا نہیں کرسکتے ۔

غیر تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ ساتھ پڑھے لکھے نوجوانوں کے لیے بھی بے روزگاری ایک اہم مسئلہ ہے جو کہ دن بدن شدت اختیار کرتا جار ہا ہے ۔ اس مسئلے کو ترجیجی بنیادوں پر حل کرنا انتہائی ضروری بلکہ ناگزیر ہو گیا ہے یوتھ پالیسی کی تشکیل وقت کی ضرورت ہے جو کہ ان کے مسائل کو پیش نظر رکھ کر ترتیب دی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر میں بر سر اقتدار آ کر وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابقنوجوانوں کی بہبود کے لئے مختلف منصوبوں کا آغاز کرے گی۔

وزیراعظم پاکستان کے یوتھ پروگرام کے تحت آزادکشمیر میں نوجوانوں کی بہبود کے لئے درجنوں منصوبے زیر عمل ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے وسائل فراہم کرے گی اور نوجوانوں کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا۔