Live Updates

پاکستان تحریک انصاف یونین کونسل 36کے عہدیدار وں نے قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا

صوبے کی بد قسمتی ،حکمرانوں کی نااہلی ہے ہم دوسرے صوبوں سے ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں،سکندرشیرپاؤ

ہفتہ 4 اپریل 2015 18:54

پاکستان تحریک انصاف یونین کونسل 36کے عہدیدار وں نے قومی وطن پارٹی میں ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف یونین کونسل 36کے تمام عہدیدار وں نے قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔وطن کور پشاورمیں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پی ٹی آئی یونین کونسل36کے عہدیدارخالد اقبال،مرتضیٰ نور،جاندادخان،عامرشاہ،شہزادالرحمان،نعمان احمد،طارق عزیز،فریداللہ،حاجی نوراللہ،امتیاز خان،حسن،شرافت اللہ ،محمد عرفان اوراسفندیار نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور سکندر حیات خان شیرپاؤ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی مفاد پرستوں کا ٹولہ بن چکا ہے اور مخلص کارکنوں کیلئے اس میں کوئی جگہ نہیں ۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے علاقہ کے مشران اور عوام کے ساتھ بھرپور مشاورت کے بعد قومی وطن پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اس کی قیادت کے قول و فعل میں تضاد نہیں اور یہ پختونوں کی نمائندہ ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع پشاور کے چیئرمین ابرار خلیل بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤ نے پارٹی میں شامل ہونے والے کارکنوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوبہ اور پختونوں کی خوشحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ یہ ہمارے صوبے کی بد قسمتی اور حکمرانوں کی نااہلی ہے کہ ہم دوسرے صوبوں سے ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت صوبہ اور پختونوں کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں اور ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے خیبر پختونخوا اور پختونوں کو مختلف مسائل اور مشکلات کا سامنا ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کو مشکل حالات میں اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کے مسائل کے خاتمے اور حقوق و بہبود کیلئے ہر محاذ پر جدوجہد کرے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات