پارلیمنٹ متفقہ قرارداد کے ذریعہ سعودی عرب کا ساتھ دینے کا اعلان کرے‘ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا ، پوری پاکستانی قوم کا فرض ہے کہ وہ بھی اس کا عملی مظاہرہ کرے

مسلم لیگ(ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی کابیان

اتوار 5 اپریل 2015 16:36

پارلیمنٹ متفقہ قرارداد کے ذریعہ سعودی عرب کا ساتھ دینے کا اعلان کرے‘ ..

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار5اپریل ۔2015ء ) مسلم لیگ(ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ متفقہ قرارداد کے ذریعہ سعودی عرب کا ساتھ دینے کا اعلان کرے، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا، اب پوری پاکستانی قوم کا فرض ہے کہ وہ بھی کھل کر اس کا ساتھ دینے کا عملی مظاہرہ کرے۔ انہوں نے ایک بیان میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، اب ہم پر بھی واجب ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں سعودی عرب کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں، پاکستان کی پارلیمنٹ کی طرف سے پوری دنیا کو متفقہ طور پر یہ پیغام جانا چاہئے کہ حرمین شریفین کے دفاع کیلئے پاکستانی قوم اور مسلح افواج سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں گی کیونکہ حرمین شریفین کا دفاع ہر پاکستانی کا جزوِ ایمان ہے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شاہ فیصل شہید سے لے کر موجودہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز تک ہر سعودی فرمانروا نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہر طرح کا تعاون کیا، پاک بھارت جنگوں کے علاوہ سیلاب، زلزلے اور دیگر آفات کے دوران بھی سعودی حکومت نے دل کھول کر پاکستان کی امداد کی، علاوہ ازیں لاکھوں پاکستانی سالہا سال سے سعودی عرب میں روزگار کما رہے ہیں جس سے نہ صرف یہ کہ ان کے خاندان خوشحال زندگی بسر کر رہے ہیں بلکہ حکومت پاکستان کو بھی سالانہ اربوں روپے کا زرمبادلہ حاصل ہو رہا ہے جسے بجا طور پر پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کہا جا سکتا ہے۔