سرینگر مظفرآباد بس سروس تین ہفتوں کے بعد بحال

لائن آف کنٹرول کو ملانے والے چکوٹھی امن برج سے 37 مسافر وں نے کراسنگ کی

پیر 6 اپریل 2015 17:35

چناری(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) سرینگر مظفرآباد بس سروس تین ہفتوں کے بعد بحال لائن آف کنٹرول کو ملانے والے چکوٹھی امن برج سے 37 مسافر وں نے کراسنگ کی جبکہ امن برج پر دونوں اطراف کے حکام کے درمیان ہونے والی فلیگ میٹنگ میں آر پار سفر کے خواہش مند مسافروں کی لسٹوں کے تبادلے کے علاوہ اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تفصیلات کے مطابق تین ہفتوں سے وادی کشمیر میں ہونے والی بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دو طرفہ بس سروس معطل رہی 21 دنوں بعد بس سروس بحال ہوتے ہی آزاد کشمیر سے 13 مسافر وادی کشمیر گئے جبکہ وادی کشمیر سے 24 مسافر آزاد کشمیر آئے دو طرفہ بس سروس کے بعد گزشتہ ہفتے معطل رہنے والی دو طرفہ تجارت آج منگل کے روز بحال ہو گئی جو جمعہ تک بغیر وقفہ کے جاری رہے گی دریں اثناء سرینگر مظفرآباد شاہراہ کچھا/نیلی کے مقام پر پیر کے روز بھی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند رہی سرینگر مظفرآباد بس سروس کے مسافروں کو متبادل راستوں اور پرائیویٹ گاڑیوں کے زریعے پہلے لائن آف کنٹرول چکوٹھی اور پھر دارالحکومت مظفرآباد پہنچایا گیا روڈ کی بحالی کا کام جاری ہے شدید لینڈ سلائیڈنگ کیوجہ سے متعلقہ ادارے روڈ کھولنے میں دوسرے روز بھی ناکام رہے جس کی وجہ سے دارالحکومت سے چار یونین کونسلوں کا رابطہ منقطع رہا اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔