پاکستان آرڈننس فیکٹری مسلح افواج کی دفاعی صلاحیت قائم رکھنے کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے،جنرل راحیل شریف

، دفاعی پیداوار کے شعبے میں مکمل خود انحصاری کے حصول کیلئے ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپ گریڈیشن ضروری ہے، آرمی چیف کا پی او ایف واہ کے دورہ کے موقع پر خطاب

پیر 6 اپریل 2015 22:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آرڈننس فیکٹری مسلح افواج کی دفاعی صلاحیت قائم رکھنے کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے، آپریشن ضرب عضب کیلئے اسلحہ اور گولہ بارود کی تمام ضروریات پوری کرنے کیلئے پی او ایف کی کوششیں قابل تحسین ہیں، دفاعی پیداوار کے شعبے میں مکمل خود انحصاری کے حصول کیلئے ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپ گریڈیشن ضروری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پیر کو پاکستان آرڈننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا ۔ آرمی چیف کو چیئرمین پی او ایف واہ کی جانب سے اپنے ادارے کی فیکٹریوں کی کارکردگی اور 2020 ء تک کیلئے توسیع کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پی او ایف کی فیکٹریوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور انکی پیداواری صلاحیت میں اضافے سے مینو فیکچرنگ کا معیار بڑھے گا اور غیر ملکی زر مبادلہ کی بچت ہو گی۔

پاک فوج کے سربراہ نے اس موقع پر پیداواری یونٹوں کا تفصیلی دورہ کیا ۔ انہوں نے انتظامیہ اور سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی او ایف پاکستان کی اعلیٰ ترین دفاعی صنعت ہے اور وہ پاکستان کی مسلح افواج کی دفاعی صلاحیت قائم رکھنے کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ انہوں نے دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کیلئے اسلحہ اور گولہ بارود کی تمام ضروریات پوری کرنے کیلئے پی او ایف کی کوششوں کو خاص طور پر سراہا۔ جنرل راحیل شریف نے پی او ایف کی موجودہ انتظامیہ کی طرف سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کی لگن کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں مکمل خود انحصاری کے حصول کیلئے ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپ گریڈیشن ضروری ہے ۔