تعمیر وترقی مثبت ویژن اور پرخلوص کارکردگی سے ہوتی ہے ‘نت نئے ایڈمنسٹریٹراور سیاسی مشیر بنانے سے ترقی کا عمل آگے نہیں بڑھتا

چیئرمین میرپور پروٹیکشن فورم محمد ایوب مسلم کا بیان

منگل 7 اپریل 2015 17:04

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) تعمیر وترقی مثبت ویژن اور پرخلوص کارکردگی سے ہوتی ہے نت نئے ایڈمنسٹریٹراور سیاسی مشیر بنانے سے ترقی کا عمل آگے نہیں بڑھتا۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین میرپور پروٹیکشن فورم محمد ایوب مسلم نے کیا ۔ انہوں نے کہا ہے کہ سابق ایڈ منسٹریٹر نے بھی عوامی خدمت کے بلند بانگ دعوے اور میرپور کومنی لندن اور پیرس بنانے کے اعلان کیے تھے میرپور کے شہری نئے مقرر کردہ ایڈمنسٹر یٹر کی کارکردگی کو بھی چند ماہ میں دیکھ لیں گے۔

چیئرمین میرپور پروٹیکشن فورم نے کہا ہے کہ میرپور کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں ۔صا ف پانی میرپور کے شہریوں کا حق تھا جس سے محروم کر دیا گیا ہے جو گریٹر واٹر سپلائی کی صورت میں فلاپ ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پاکستان اس کی انکواری کروائے کہ گریٹر واٹر سپلائی ٹھیکہ میں اربوں روپے کمیشن کمانے والے کس حکومت کے جیالے تھے ایسی حکومت ایک سوالیہ نشان ہے۔

محمد ایوب مسلم نے مزید کہا کہ میرپور کا سیوریج نظام تباہ ہو چکا ہے ۔صفائی کے بجائے میرپو ر میں گندگی کا راج ہے۔ایسے لگتا ہے کہ موجودہ حکومت کو شہریوں کے بنیادی مسائل کا نہ شعور ہے نہ مسا ئل کو حل کرنے کی صلاحیت ہے ایسی حکومتوں کے باقی رہنے کا کوئی جواز نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سیاستدان جو اکثر یورپ کی یاترا کرتے رہتے ہیں انہیں معلوم ہے کہ غیر مسلم حکومتیں عوام کے لیے زندگی آسان بناتی ہیں جبکہ ہماری حکومتیں عوام کی زندگی مشکل سے مشکل تر بنانے کی مذموم کوششیں کرتی رہتی ہیں اور یہی حکو متیں مجرم حکومتیں کہلاتی ہیں۔مگر اس کے با وجود عوام سے اپنے حق میں زندہ باد کے نعرے لگواتی ہیں۔