آزاد کشمیر میں سانحہ گیاری سیکٹر کے شہداء کی تیسری برسی عقیدت واحترام سے منائی گئی

بدھ 8 اپریل 2015 14:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی ہدایت پر گیاری سیکٹر میں دفاع وطن کے لیئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 124بہادر افواج پاکستان کے آفیسروں اور جوانوں سمیت7شہریوں کی عظیم شہادت کی تیسری برسی انتہائی عقیدت و احترام قومی جوش و جذبے سے منائی گئی ۔آزاد کشمیر بھر میں سانحہ گیاری سیکٹر کے شہداء کو زبردست انداز میں مختلف تقریبات کا انعقاد کر کے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

شہدائے گیار ی کی تیسری برسی کی پروقار تقریب وزیراعظم سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقد کی گئی جس میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں گئیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دفاع وطن کے لیئے اپنا آج آنے والی نسلوں کے کل پر قربان کرنے والے قومی ہیروز تاریخ میں رول ماڈلز کی مانند امر ہو چکے ہیں ان قومی سپوتوں کی وارث ان کے خاندانوں اور خونی رشتوں کے علاوہ پوری قوم ہے جو آج یک زبان ہو کر ان کے خون ناحق کی سرخی کو اپنے ماتھے کا جھومر بنا کر ناقابل تسخیر دفاع ،قومی وقار اور خوداری کے لیئے سر ہتھیلی پر رکھ کر مکار دشمنوں کی ہر چال کو ناکام بنانے کے لیئے کندھے سے کندھا ملا کر قوت ایمانی کی دولت سے قربانی کے لیئے بے قرار ہے ۔

(جاری ہے)

اب تک ہونے والی تین جنگوں کے علاوہ سرحدوں پر ہونے والی غیر اعلانیہ گولہ باری سے فوجی سول آبادی کی قربانیاں تاابد مشعل راہ ثابت ہوں گی۔نشان حیدر سمیت بہادری کے تغمے سروں کی فصلیں کٹوا کر اپنی چھاتیوں پر سجانے والے دھرتی ماں کے ان غیور فرزندوں پرپاک سرزمین پر بسنے والوں کے علاوہ بھی دنیا بھر کی مہذب قومیں ناز کرتی ہیں شوکت جاوید نے کہا کہ مکار ازلی دشمن بھارت نے ہمیشہ سرحدی اور فضائی خلاف ورزیاں کر کے عالمی قوانین کو پاؤں تلے روندا اور پاکستان نے ہمیشہ قیام امن اور اچھے ہمسائیہ ملک ہونے کا ثبوت دیا ،ہر فورم پر لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو قدم آگے بڑھائے مگر بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم ،بنیاد پرست سوچ اور اکھنڈ بھارت کا جنون جنوبی ایشیاء میں امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے اس لیئے پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت نے ہمیشہ صبر برداشت کا دامن نہیں چھوڑا اور دور اندیش پالیسیاں اختیار کیں۔

اقوام عالم سے کیئے گئے تمام وعدوں اور وعدوں سے بھارت کی ہر حکومت نے انحراف کر کے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ نہتے آزادی پسندوں کی بستیوں کی بستیاں ریاستی دہشت گردی ،جبر طاقت اور مظالم کے ذریعے شہر خاموشاں میں تبدیل کر دیں اور دنیا محض خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے ہوئے بے کس مجبور انسانیت کو لٹتے دیکھ کر اپنا جاندار کردار ادا کرنے سے عاری رہی آپریشن ضرب عضب میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی کثیر المقاصد منصوبہ بندی اور پیشہ وارانہ مہارت دفاعی استعداد اور بہترین فوجی حکمت عملی کی وجہ سے دہشت گردوں کی سپلائی لائن ٹوٹنے اور بیرونی امداد روکے جانے سے جو کامیابیاں حاصل ہوئیں ان کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی نیک نامی اور وقار میں اضافہ ہوا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ممالک ہیں اور ان کے درمیان اصل تنازعہ مسئلہ کشمیر ہے جس کے دیرپا اور پرامن حل کے بغیر آئے روز کی کشیدگی ختم ہونے کاسوال ہی پیدا نہیں ہوتا قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عالمی امور پر دسترس رکھنے کی صلاحیت خداوندی کی بدولت پاکستان کے لیئے ایٹمی پروگرام حاصل کیا اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ایٹمی ٹیکنالوجی حاصل کر کے ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیئے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ سعد اقبال ،پی ایس ایف کے ضلعی صدر سیدعلی رضا ،جنرل سیکرٹری ماجد حسین اعوان،یوتھ کے رہنما عمران میر ،عدنان خان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی آرزوؤں اور امیدوں کا مرکز ہے جس کی سلامتی اور دفاع کے لیئے اہل کشمیر کا ہر مرد و زن ہر اول دستے کا کردار ادا کرے گا ،تقریب کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے شہدائے افواج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے ساتھ انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور افواج پاکستا ن کے شانہ بشانہ جدوجہد کا عزم کیا گیا اور شہدائے گیاری سیکٹر ،شہدائے ضرب عضب ،شہدائے کشمیر کے لیئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :