23 اپریل استعماری قوتوں کی شکست فاش اور متوسط طبقہ کے پرامن انقلاب کی فتح کا دن ہو گا‘محمد طاہر کھوکھر

بدھ 8 اپریل 2015 14:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر‘ جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہرکھوکھرنے کہا ہے کہ 23 اپریل استعماری قوتوں کی شکست فاش اور متوسط طبقہ کے پرامن انقلاب کی فتح کا دن ہو گا۔ کراچی اور سندھ کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے دنیا کو پیغام دیں گے کہ ایم کیو ایم ملک کے متوسط طبقہ کی سب سے بڑی سیاسی تحریک اور ایک اٹل حقیقت ہے۔

عمران خان کو ریاستی وسائل، رینجرز، پولیس، اسٹیبلشمنٹ کی سرپرستی کے باوجود منہ کی کھانا پڑے گی۔ کراچی میں مقیم کشمیریوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر ، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ کراچی میں مقیم کشمیری مہاجرین اور دیگر قومیتوں کی طرح ایم کیو ایم اور قائد تحریک الطاف حسین بھائی کے سپاہی ہیں۔

(جاری ہے)

بیرونی اشاروں اور استعماری قوتوں کے اشاروں پر ایم کیو ایم کے خلاف سرگرم عمران خان کا ملکی اور عوامی مفاد میں کوئی ایجنڈا نہیں۔ وہ ملک کے غریبوں سے دو وقت کی روٹی چھیننا چاہتا ہے۔ وہ یہ چاہتا ہے کہ سیاست امیروں اور جاگیرداروں کے گھروں کی لونڈی ہی رہے۔ ملک کے غریب اور متوسط طبقہ کے باصلاحیت نوجوان اسمبلیوں اور سینیٹ میں جاگیرداروں کے مقابلے میں نہ بیٹھ سکیں لیکن 23 اپریل کو عزیز آباد کے غیور عوام دنیا کو بتا دیں گے کہ سازشیں اور پروپیگنڈے ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔

تحریک پہلے سے زیادہ مضبوط اور منظم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم قیام پاکستان سے لے کر آج تک ملک کے غریب اور متوسط طبقات کی نمائندگی کرنے والی سب سے بڑی تحریک اور ملک کی تیسری بڑی سیاسی قوت ہے۔ قائد تحریک الطاف حسین بھائی نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ متوسط طبقہ کے پڑھے لکھے اور باصلاحیت نوجوانوں کو جاگیرداروں، وڈیروں، صنعت کاروں کے مقابلے میں اسمبلیوں میں بٹھایا اور سٹیٹس کو کو چیلنج کیا۔

عمران خان اور تحریک انصاف کو آج تک ملک کا خون چوسنے والے دہشت گردوں ، جاگیرداروں ، وڈیروں، کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف ایک لفظ تک بولنے کی جرأت نہیں ہوئی۔ پنجاب اور سندھ کے جاگیرداروں اور وڈیروں کی نجی جیلوں میں سسکتے ہاریوں اور مزدوروں کے حق میں آواز بلند کرنے کی جرأت نہیں ہوئی لیکن وہ اپنی تمام توانائیاں ایم کیو ایم کی قیادت کے خلاف پروپیگنڈا میں صرف کر رہے ہیں۔ اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہو تو وہ عدالت میں جائیں۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ عمران خان بیرونی اشاروں پر ناچ رہے ہیں جس کا مقصد ملک میں افراتفری پھیلانااور جمہوریت کی بساط لپیٹنا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔