میرپور کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں ‘چوہدری محمد اشرف

بدھ 8 اپریل 2015 14:55

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء)پیپلزپارٹی کے سابق امیدواراسمبلی چودھری محمداشرف نے کہا ہے کہ میرپور کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کر رہے ہیں ، بلدیہ میرپور کی الاٹمنٹ کا مسئلہ وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید اور سینئر وزیر چودھری یاسین کے تعاون سے حل کروائینگے، میرپور میرا شہر ہے، اس کی تعمیر وترقی اور خوبصورت بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کا رلائینگے،پیپلزپارٹی کی موجودہ حکومت کے ڈیڑھ سال کے مختصر عرصہ میں میرپورشہرکے مسائل حل کریں گے، حالیہ دورہ نوڈیرو کے دوران شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور محترمہ فریال تالپور نے مجھے جوعزت دی اسے کبھی بھلانہیں سکتا،آئندہ آزاد کشمیر کے جنرل ا لیکشن میں فتح پیپلز پارٹی کی ہو گی ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے نانگی ہاؤس میں ملنے والے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،چودھری محمد اشرف نے کہا ضمنی الیکشن میں کمی کو تائی اور دیگر کمزوریوں کی وجہ سے شکست ہوئی ،میرپور کے لوگوں نے بھرپور حمایت کی تھی،اُنہوں نے کہا ہمیں ماضی کو بھول کر شہر کی تعمیر وترقی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہے ہمارے آباؤاجداد نے لازوال قربانیاں دے کر اس خطہ کی تعمیر و ترقی کی بنیاد رکھی تھی،چودھری محمد اشرف نے کہا میرپور اور دیگر سیکٹرزمیں سوئی گیس کی فراہمی ، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور صاف پینے کے پانی کی دستیابی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے ہونگے،اُنہوں نے کہا وزیر اعظم چودھری عبدالمجید نے ساڑھے تین سالوں میں جو تعمیر وترقی کے کام کیے ہیں گزشتہ 60 سالوں میں کسی حکومت نے نہیں کیے اُنہوں نے کہا ابھی اس موجودہ حکومت کا ڈیڑھ سال باقی ہے،بہت سے کام ابھی مکمل ہونگے،اُنہوں نے کہا اہلیان میرپورکے مسائل کے حل کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرونگا، بلدیہ کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کو بحال کروائیں گے، ملازمین کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے گا،شہری حقیقی معنوں میں تبدیلی محسوس کریں گے، شہریوں کے تعاون سے میرپورکو خوبصورت اور بین الاقومی شہربنائیں گے۔