پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے فیصلوں کے ملکی سیاست پر مثبت اثرات پڑیں گے، چودھری عبدالمجید

جمعرات 9 اپریل 2015 16:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرو صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے فیصلوں کے ملکی سیاست پر مثبت اثرات پڑیں گے یمن کی صورتحال، بلدیاتی انتخابات اور قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے قتل مقدمہ کی سماعت کے حوالہ سے سیر حاصل بحث اور فیصلے قومی وملکی سیاسی منظر نامے پر قوم کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

پیپلزپارٹی ملک کو مشکل حالات میں دانشمندانہ قیادت فراہم کرتی رہے گی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری ہی قومی کی سیاسی رہنمائی کا حق ادا کرسکتے ہیں۔ وہ جمعرات کے روز کراچی میں پاکستان پیپلزپارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد اسلام آباد واپسی پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ سی ای سی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کیا ۔

پارٹی اپنی قیادت کی رہنمائی میں ملک کو درپیش اندرونی وبیرونی محاذ پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پر عزم ہے اور ملک میں جمہوری نظام کے استحکام اور عام آدمی کی فلاح وبہبود وخوشحالی کے لیے کردار ادا کرتی رہے گی۔انہوں نے کہاکہ جب بھی ملک مشکل حالات سے دوچار ہوا اس وقت پاکستان پیپلزپارٹی نے نہ صرف اس کو مشکل حالات سے نکالا بلکہ اس کو مستحکم بنانے کے لیے قربانیاں بھی دیں انہوں نے کہاکہ جب بھی ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی اور قوم کا مورال گر گیا تو یہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ہی لیڈر تھے جنہوں نے قائدانہ کردار ادا کیاملک کو متفقہ آئین دیا ،مسلمان ملکوں کی عالمی سربراہی کانفرنس لاہور میں منعقد کروا کر ملک کی سفارتی تنہائی کو ختم کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آمریت کو چیلنج کیا اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں۔انہوں نے کہاکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دے کر ملکی دفاع کو مضبوط بنایا اور اسلامی ممالک کے وزراء خارجہ کے جموں وکشمیر کے متعلق رابطہ گروپ میں کشمیریوں کو نمائندگی دے کر بھارت کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو باہمی مسئلہ قرار دینے کی سازش کو ناکام بنایا وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف لازوال قربانیاں دینے پربہادر پاک افواج کو سلام پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :