تھر میں جب تک مطلوبہ بارش نہیں ہوتی تب تک تھر میں لوگوں کو ریلیف کی مفت گندم تقسیم کی جائے گی ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

جمعرات 9 اپریل 2015 22:33

میرپورخاص( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ تھر میں جب تک مطلوبہ بارش نہیں ہوتی تب تک تھر میں لوگوں کو ریلیف کی مفت گندم تقسیم کی جائے گی ۔،ہمار ا مقصد پورے سندھ کے لوگوں کو صاف پانی مہیا کرنا ہے اس مقصد کیلئے سب سے پہلے تھر کو اولیت دی ہے یہ ہمار ا تھر کی عوام پر کوئی احسان نہیں ہمار ا فرض ہے جو ہم ہر حا ل میں پورا کرینگے ۔

یہ بات انہوں نے چھاچھرو میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے کے مقابلے میں تھر کے لوگوں کو صحت ،پانی اور تعلیم کی سہولیات کے ساتھ ساتھ دیگر سہولیات اور نوکریاں دیں ۔ انہوں نے کہا کہ تھر کے ڈومیسائل رکھنے والے ڈاکٹروں کو بھرتی کرکے انکے ہی یونین کونسل میں مقررکیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اورکہا کہ چھاچھرو ہسپتا ل کو اپ گریڈ کرکے تمام سہولیات فراہم کی جائینگی ۔

علاوہ ازیں چھاچھرومیں قائم آر او پلانٹ کو جلد سولر سسٹم میں کیا جائیگا اور چھاچھرو کے دیہاتوں میں زیادہ سے زیادہ سولر آر او پلانٹ لگا کر پانی کے مسائل کو حل کیا جائیگا۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر تھرپارکر آصف جمیل کو ہدایت کی کہ تھر کے منتخب نمائندوں سے مل کر تھر میں ریلیف کے کام کو مزید تیز کیا جائے تا کہ کوئی بھی شکایت نہ ہو۔بعد اذاں وزیراعلی ٰ سند ھ نے چھاچھرو ہسپتال کا دورہ کرکے مریضوں کی عیادت کی اور ڈاکٹر وں کو ہدایت کی کہ مریضوں کے بہتر علاج کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

عوامی اجتماع سے صوبائی وزیر زکواة دوست محمد راہموں، ایم پی اے ڈاکٹر مہیش ملانی، ایم این اے پیر نورمحمد شاہ جیلانی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سید علی مردان شاہ، سابق ایم این اے ڈاکٹر غلام حید رسمیجو،سابق ایم پی اے عنایت علی راہموں، پارٹی عہدیداران اور ورکرز اورعام لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے۔