جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کا شہید محمد مقبول الٰہی کو 22 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت

شہداء کا مشن جاری رہیگا،پنڈٹ کشمیر کا حصہ ہیں، واپسی کا خیرمقدم کیا جائیگا، اسرائیلی طرز پر آبادکاری ہرگز تسلیم نہیں کرینگے، ظفر اکبر بٹ

جمعہ 10 اپریل 2015 18:58

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے شہید محمد مقبول الٰہی کو 22ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ظفر اکبر بٹ پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ مزار شہداء گئے اور محمد مقبول الٰہی ، شہید محمد اسماعیل ، شہید فیاض علائی، شہید حاجی عبدالغنی ، شہید ابو طارق، شہید عمر سلطان، شہیداقبال، شہید فاروق احمد وانی، شہید زاہد اور شہید دلاورکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

انہوں نے شہداء مانچھوا بڈگام کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے مشن کی تکمیل تک جد وجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ظفر اکبر بٹ نے کہا کہ محمد مقبول الہی ایک بہادر انسان تھے جنہوں نے اپنی جوانی تحریک آزادی پر نچھاور کی۔

(جاری ہے)

ظفر اکبر بٹ نے مجاہد کمانڈر مشتاق احمد زرگر کے ساتھ ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ دریں اثناجموں کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے اسلام آبا کے علاقے عش مقام میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پنڈت کشمیر کا ایک حصہ ہیں اور ان کی واپسی کا ہر سطح پر خیرمقدم کیا جائے گا مگر اسرائیلی طرز پر ان کی بازآباد کاری کشمیری عوام ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری پنڈتوں کو 1990ء میں اس وقت کے گورنر نے ایک سازش کو تحت مقبوضہ وادی سے نکالا تھا تاکہ تحریک آزادی کو فرقہ وارانہ رنگ دیا جا سکے۔ مختار احمدوازہ نے کہا کہ پنڈتوں کو علیحدہ بستیوں میں بسانے کے خطرناک نتائج نکلیں گے اور علاقے کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہو گی۔ مختار وازہ نے مشتاق احمد زرگر کی والدہ کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

متعلقہ عنوان :