آزادکشمیر سے فرسودہ نظام کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہے‘ تمام محکمے تباہی کے دہانے پر ہیں،چوہدری صبور احمد

سرکاری سکولوں کی کارکردگی صفر ہے‘ اساتذہ سیاست اور ٹھیکہ سسٹم کو فروغ دے رہے ہیں ،پوچھنے والا کوئی نہیں، رہنما ء پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

جمعہ 10 اپریل 2015 19:08

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما چوہدری صبور احمد نے کہا ہے کہ آزادکشمیر سے فرسودہ نظام کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہے‘ تمام محکمے بالخصوص محکمہ تعلیم تباہی کے دہانے پر ہے‘ سرکاری سکولوں کی کارکردگی صفر ہے‘ اساتذہ سیاست اور ٹھیکہ سسٹم کو فروغ دے رہے ہیں جنہیں پوچھنے والا کوئی نہیں۔

سرکاری سکولوں کے اساتذہ اپنے بچوں کو بہتر معیار تعلیم دلوانے کیلئے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں بھیجتے ہیں ‘ جس سے ثابت ہوتا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کی کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے اندر ترقی کا راز پوشیدہ ہے‘ تعلیم پستیوں سے بلندی کی طرف جانے کا بہترین زریعہ ہے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کا بڑا بجٹ تعلیم پر خرچ ہوتا ہے مگر اس کی کارکردگی مایوس کن ہے۔

اسی طرح محکمہ شاہرات بھی اپنی ذمہ داریاں پوری طرح ادا نہیں کررہاہے۔ بلدیاتی ادارے بھی فوٹو سیشن تک محدود ہیں‘ پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں اٹھائے نوکری کیلئے در بدر ہیں۔ ہر طرف سفارش ‘رشوت اور میرٹ کا قتل عام ہے۔ ان سب کی روک تھام کون کریگا؟۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا احتساب خود کرنے کی ضرورت ہے ۔ہر ایک اپنا اپنا کام کرے تاکہ ریاست کے اندر تعمیروترقی و خوشحالی آسکے۔

محکموں کے اندر چیک اینڈ بیلنس انتہائی ضروری ہے۔ حکومت اور بیورو کریسی اپنا اپنا کردار ادا کریں تاکہ سفارشی کلچر کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پاس اچھے ڈاکٹرز‘ انجینئرز موجود ہیں جن سے کام لے کر محکموں کی نیک نامی میں اضافہ کیاجاسکتا ہے ۔ محکموں کے اندر سے سیاست کو نکالنا ہوگا‘ اقرباء پروری کا خاتمہ کرنا ہوگا‘ رشوت دینے والے اور لینے والے کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کرنی ہوگی اور تحریک آزادی کشمیر کیلئے صحیح معنوں میں کردار ادا کرنا ہوگا‘ اگر ہم محکموں سے کرپشن کا خاتمہ کرلیں تو انقلاب برپا ہوسکتاہے جو ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :