محکمہ وائلڈ لائف ڈیرہ کی جنگلی حیات کے بین الصوبائی سمگلروں کے خلاف کاروائی، قیمتی پرندے برآمد،3 افراد گرفتار

جمعہ 10 اپریل 2015 22:09

سرائے نورنگ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء )محکمہ وائلڈ لائف ڈیرہ نے جنگلی حیات کے بین الصوبائی سمگلروں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی پرندے برآمد کرکے 3 افراد کو گرفتار کرلیا ڈی ایف او وائلڈ لائف ڈیرہ خان ملوک کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ بین الصوبائی برڈ سمگلروں کا گروہ بلوچستان سے قیمتی پرندے اور جنگلی جانور ڈی آئی خان کے راستے خیبر پختوخوا سمگل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس پر رینج آفیسرز خلیل اللہ کنڈی اور بخت محمد کی نگرانی میں درابن اور ڈیرہ دریا خان پل پر تعینات وائلڈ سٹاف اہلکاروں کو ہائی الرٹ کرکے گاڑیوں کی تلاشی شروع کی گئی گاڑیوں کی تلاشی کے دوران ملزمان شاہ نواز سکنہ پشاور گلاب دین سکنہ ژوب(بلوچستان) اور محمد اکرم سکنہ ملتان کے قبضے سے22قیمتی چکور6کونجیں3کالے تیتر2بھورے تیتر15مینا4مرغابیاں 200لڑاکا بٹیراور ایک بندر برآمد کرلیا ملزمان کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے ڈی ایف او خان ملوک نے رابطے پربتایا کہ پرندوں کو ضروری ویکسی نیشن کے بعد وائلڈ لائف پارک ڈی آئی خان منتقل کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ غیر قانونی شکار اور پرندوں کی سمگلنگ روکنے کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ داخلی اور خارجی راستوں پر قائم چیک پوسٹوں پر تعینات عملہ کو الرٹ ہے ۔