پانچ ماہ کے کومہ کے دوران خاتون ماں بن گئی

ہفتہ 11 اپریل 2015 13:46

پانچ ماہ کے کومہ کے دوران خاتون ماں بن گئی

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء) قدرت اپنے حیرت انگیز معجزات سے انسان کو بار بار اپنی طرف متوجہ کرتی ہے اور امریکہ میں پیش آنے والا ایک ناقابل یقین واقعہ اس کی تازہ ترین مثال ہے۔ ریاست ٹینسی کے علاقہ سویٹ واٹر سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ لڑکی شارستہ جائلز گزشتہ سال دسمبر میں ایک کنسرٹ میں شرکت کے بعد گھر واپس لوٹ رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہو گئی۔

لڑکی پانچ ماہ کی حاملہ تھی اور شدید حادثے کی وجہ سے کومے کی حالت میں چلی گئی تھی۔ ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ وہ کبھی زندگی کی طرف نہیں لوٹے گی لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ جنوری میں ڈاکٹروں نے اس کے پیٹ سے بچے کو زندہ سلامت نکال لیا اور اب وہ خود بھی کومے سے باہر آچکی ہے اور اپنے ننھے بچے کو پہچاننے کی کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

شارستہ کے والدین نے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے والد کمرے میں چہل قدمی کر رہے تھے کہ اچانک اس نے آنکھیں کھولیں اور اپنے والد کو دیکھنا شروع کر دیا۔

خوشی سے نہال والد نے بیٹی کو اس کے ننھے بچے کی تصویر دکھائی جسے وہ بہت غور سے دیکھتی رہی۔ جب والد نے تصویر ایک طرف پڑی میز پر رکھ دی تو شارستہ نے اپنی گردن گھمائی اور میز کی طرف دیکھنا شروع کر دیا گویا کہ وہ اپنے بچے کی تصویر کو مزید دیکھنا چاہ رہی ہو۔ یونیورسٹی آف ٹینسی میڈیکل سنٹر کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ابھی وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ شارستہ مکمل طور پر صحت یاب ہو جائے گی لیکن ان کا کہنا ہے کہ یہ بات حیرت انگیز ہے کہ وہ پانچ ماہ کے کوما کے بعد جاگ اٹھی ہے اور اپنے ننھے بچے میں دلچسپی بھی لے رہی ہے۔