مقبوضہ کشمیر: لاپتہ افراد کے والدین کی تنظیم کاسرینگر میں احتجاجی دھرنا

ہفتہ 11 اپریل 2015 18:09

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں لاپتہ افراد کے والدین کے تنظیم( اے پی ڈی ڈی )کے ارکان نے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے اپنے مطالبے پر زور دینے کے لیے سرینگر کے پرتاپ پارک میں ایک خاموش احتجاجی دھرنا دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دھرنے میں شریک افراد نے ہاتھوں میں پلے کارڑز اوراپنے لاپتہ پیاروں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔

دھرنے میں دوران حراست لاپتہ کئے گئے افراد کی بیوائیں بھی شامل تھیں۔دھرنے کے شرکا نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ زندگی کی آخری سانس تک اپنے گمشدہ پیاروں کی تلاش کے لیے سرگرداں رہیں گے۔ تنظیم کی راہنما پروینہ آہنگر نے اس موقع پر کہا کہ لاپتہ افراد کے لواحقین گذشتہ 25برس سے ہر ماہ کی 10تاریخ کو احتجاجی دھرنا دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے گزشتہ 26برس کے دوران مقبوضہ علاقے میں دس ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کرنے کے بعد لاپتہ کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ انتہائی اہم ہے کیونکہ لاپتہ لوگوں کے اہلخانہ انتہائی کرب کی زندگی گزار رہے ہیں۔ پروینہ آہنگر نے کہا کہ قابض انتظامیہ لاپتہ افراد کے معاملے کے تحقیقات کیلئے ایک غیر جانبدار اور آزاد کمیشن کے قیا م کے مطالبے کو فوری طور پر پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنا یہ مطالبہ پورا ہونے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور اس کے لیے ہرفورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :