واشنگٹن: تقریب کے مقررین کا تنازعہ کشمیر کا کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل پر زور

ہفتہ 11 اپریل 2015 18:09

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء) واشنگٹن میں منعقدہ ایک تقریب کے مقررین نے تنازعہ کشمیر کے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل پر زور دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تقریب کے مہمان خصوصی آزاد جموں وکشمیر کے سابق وزیر سردار قیوم نیازی تھے ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانا مسئلہ ہے۔

انہو ں نے کہا کہ کشمیریوں کی جد وجہد حق پر مبنی ہے اور آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام مقبوضہ کشمیر کے اپنے بھائیوں کو ہرگز مایوس نہیں کریں گے۔ World Kashmir Awarenessکے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر براک اوباما کو تنازہ کشمیر کے حل کی طرف خصوصی توجہ دینی چاہیے ۔ا نہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان نے جموں وکشمیر کے تنازعہ پر متعدد جنگیں لڑیں جبکہ اس حوالے سے دونوں ملکوں کے درمیان ایک اور تباہ کن جنگ کے امکان کو ہرگز رد نہیں کیا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فائی نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول کی جد وجہد کر رہے ہیں جو وہ مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندے الطاف حسین وانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی سطح پر تنازعہ کشمیر کے حوالے سے دلچسپی لے جا رہی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشا میں پائیدار امن کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر ہی پاکستان اور بھارت کے درمیان مخاصمت کی بنیادی وجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے حالیہ اجلاس کے دوران انہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ عالمی ادارے کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقات میں ان سے مطالبہ کیا کہ وہ انسانی بنیادوں پر تنازعہ کشمیر کے لیے میں کردار ادا کریں۔ سردارآفان عتیق خان نے تقریب سے اپنے خطاب میں تنازعہ کشمیر کے حوالے عالمی برادری کے دوہرے معیار کا ذکر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں ان مسائل کے حل میں دلچسپی لیتی ہیں جن سے ان کے اپنے مفادات وابستہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی پر سخت تشویش ظاہر کی ۔ انہوں نے کہا کہ تنازہ کشمیر کا حل ایک آزادانہ ، غیر جانبدارانہ استصواب رائے میں ہی مضمر ہے۔ تقریب سے سردار ذولفقار روشن خان، سردار زبیر خان، سردار گلفراز انقلابی نے بھی خطاب کیا۔