پنڈتوں کیلئے علیحدہ بستیاں ایک بڑی سازش ہے، کشمیری تحریک آزادی کیخلاف بھارتی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے،شبیر احمد شاہ

ہفتہ 11 اپریل 2015 18:12

جموں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے ہندو پنڈتوں کے لیے علیحدہ کالونیوں کے قیام کے بھارتی منصوبے کو تحریک آزادی کے خلاف ایک بڑی سازش قرار دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے اپنی پارٹی کے جموں خطے کے وائس چیئرمین محمدشفیع رنگریز، جن کا گزشتہ دنوں انتقال ہوا، کی یاد میں ڈوڈہ میں منعقدہ ایک تعزیتی پروگرام سے خطاب میں کہا کہ بھارتی منصوبے کا مقصد جموں کشمیر میں بسنے والے مختلف فرقوں کے مابین مخاصمت اور نفرت کا بیچ بونا ہے تاکہ تحریک آزادی کو کمزور کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمان پنڈتوں کی مقبوضہ وادی میں واپسی کے ہرگز خلاف نہیں لیکن انہیں علیحدہ بستیوں میں بسنے کے بجائے پہلے کی طرح مسلمانوں کے ساتھ ملکر رہنما چاہیے۔

(جاری ہے)

شبیر احمد شاہ نے کہا کہ پنڈتوں کو 1990میں اس وقت کے مقبوضہ علاقے کے گورنر جگموہن نے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت مقبوضہ وادی سے نکالا تھا تاکہ تحریک آزادی کو فرقہ وارایت کا رنگ دیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ ممتاز بھارتی منصف بلراج پوری نے بھی اپنی ایک کتاب میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جگہومن نے ہی پنڈتوں کو وادی سے نکالا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جموں خطے کے لوگوں کی تحریک آزادی میں قربانیاں کسی سے کم نہیں ۔ شبیر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیری مسلمان کسی ایک فرقے کی آزاد ی کے لیے مصروف جد وجہد نہیں بلکہ وہ یہاں بسنے والے تمام طبقوں کی آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔

سینئر حریت رہنما نے کہا کہ کشمیری اپنے شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ان کا مشن ہرقیمت پر منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری جموں وکشمیر کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم کرنے کی بھارتی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے محمد شفیع رنگریز کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی زندگی تحریک آزادی کے لیے وقف کر رکھی تھی ۔شبیر احمد کے ساتھ نعیم احمد خان، محمد عبداللہ طاری، مولوی بشیر احمد، مختار احمد صوفی اور دیگر حریت رہنما اور کارکن بھی تھے۔